کورونا انفیکشن: ہندوستان میں 24 گھنٹوں کے دوران 2 ہزار سے زیادہ ہلاکتوں سے دہشت

ایک دن میں 2003 لوگوں کی کورونا انفیکشن سے موت کے بعد ہندوستان میں مجموعی طور پر مہلوکین کی تعداد 11903 پہنچ گئی ہے۔ اس دوران مزید 10974 نئے کیسز بھی سامنے آئے ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

نئی دہلی: ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس (کووڈ 19) سے 2003 افراد فوت ہوگئے ہیں، جس کے بعد اس وائرس کی وجہ سے مرنے والے افراد کی تعداد 11903 ہوگئی ہے۔ اسی عرصے کے دوران، انفیکشن کے 10974 نئے کیس رپورٹ ہوئے ہیں اور 6922 متاثرہ افراد صحت مند ہوچکے ہیں۔

صحت و خاندانی بہبود کی مرکزی وزارت کے بدھ کے روز جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق کورونا وائرس کے 10974 نئے کیسوں سے متاثرہ افراد کی تعداد بڑھ کر 354065 ہوگئی ہے۔ کورونا وائرس سے اموات کی تعداد بھی بڑھ کر 11903 ہوگئی۔ ملک میں اس وقت کورونا کے 155227 فعال کیسز موجود ہیں اور صحت یاب افراد کی تعداد اب تک 186935 ہے۔


اس وبا سے ملک میں مہاراشٹر سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔ پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران، ریاست میں کورونا وائرس کے 2701 کیس سامنے آئے ہیں اور 1409 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی ریاست میں متاثرہ افراد کی تعداد بڑھ کر 113445 ہوگئی ہے اور ہلاک ہونے والوں کی تعداد 5537 ہوگئی ہے۔ اس دوران ریاست میں 1802 افراد بیماری سے صحت یاب ہوچکے ہیں، جس کے بعد صحت مند افراد کی تعداد 57851 ہوگئی ہے۔

کورونا وائرس سے متاثر ہونے کے معاملے میں تامل ناڈو دوسرے نمبر پر ہے، جہاں متاثرہ افراد کی تعداد 48019 ہوگئی ہے اور اب تک اس وائرس کی وجہ سے 528 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ ریاست میں 26782 افراد کو علاج کے بعد اسپتالوں سے چھٹی دے دی گئی ہے۔


کورونا کی وجہ سے قومی دارالحکومت دہلی میں صورتحال مسلسل بگڑ رہی ہے اور متاثرہ افراد کی تعداد کے لحاظ سے یہ ملک میں تیسرے مقام پر ہے۔ دارالحکومت میں کرونا میں انفیکشن سے متاثرین کی تعداد 44688 ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران وائرس کے باعث 437 افراد کی ہلاکت کے بعد مرنے والوں کی مجموعی تعداد 1837 ہوگئی ہے جو مہاراشٹر کے بعد دوسرے نمبر پر ہے۔ دارالحکومت میں 16500 مریضوں کو علاج کے بعد اسپتالوں سے رخصت کر دیا گیا ہے۔

ملک کی مغربی ریاست گجرات کووڈ 19 کے متاثرین کے لحاظ سے چوتھے نمبر پر ہے لیکن اموات کی تعداد کے لحاظ سے یہ مہاراشٹر اور دہلی کے بعد تیسرے نمبر پر ہے۔ گجرات میں اب تک 24577 افراد اس وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں اور 1533 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ ریاست میں 17082 افراد بھی اس مرض سے صحت یاب ہوئے ہیں۔ آبادی کے لحاظ سے ملک کی سب سے بڑی ریاست اترپردیش میں اب تک کورونا انفیکشن کے 14091 کیس سامنے آئے ہیں اور وائرس کی وجہ سے 417 افراد کی موت ہوچکی ہے جبکہ 8610 مریض صحت مند ہوئے ہیں۔


راجستھان میں بھی کورونا کا پھیلاؤ زور بہ روز زوروں پر ہے اور اب تک متاثرہ افراد کی تعداد 13216 تک پہنچ چکی ہے اور اب تک 308 افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ 9849 افراد پوری طرح سے صحت یاب ہوچکے ہیں۔ مغربی بنگال نے متاثرہ افراد کی تعداد کے لحاظ سے آج مدھیہ پردیش کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ ریاست میں 11909 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں اور 495 افراد فوت ہوچکے ہیں اور اب تک 6028 افراد صحت یاب ہوئے ہیں۔ مدھیہ پردیش میں 11083 افراد کورونا سے متاثر ہوئے ہیں اور 476 افراد کی اس سے موت ہوچکی ہیں جبکہ 8152 افراد صحتیاب ہوئے ہیں۔

جنوبی ہند کی ریاست کرناٹک میں 7530 اور آندھرا پردیش میں 6841 افراد متاثر ہوئے ہیں اور ان ریاستوں میں اموات کی تعداد بالترتیب 94 اور 88 ہے۔ مرکز کے زیر انتظام خطہ جموں و کشمیر میں متاثرہ افراد کی تعداد 5298 ہوگئی ہے اور اب تک اس سے 63 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ ہریانہ میں 118، پنجاب میں 72، بہار میں 41، اتراکھنڈ میں 25، کیرالہ میں 20، اڈیشہ میں 11، جھارکھنڈ اور چھتیس گڑھ میں نو، آسام اور ہماچل پردیش میں آٹھ ، چندی گڑھ اور پڈوچیری میں چھ چھ، تریپورہ، لداخ اور میگھالیہ میں ایک ایک شخص اس وبا کی وجہ سے ہلاک ہوا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 17 Jun 2020, 12:30 PM