پالگھر موب لنچنگ: سادھو قتل معاملہ کے 2 ملزمین کا بی جے پی سے تعلق!
مہاراشٹر کانگریس کا کہنا ہے کہ ایشور نکولے اور بھاؤ ساٹھے ملزم نمبر 61 اور 65 کی شکل میں پالگھر موب لنچنگ کے نامزد ملزم ہیں۔ وہ دونوں پالگھر ضلع میں بی جے پی کی دہانو منڈل یونٹ کے عہدیدار ہیں۔
مہاراشٹر کے پالگھر میں ہوئی موب لنچنگ واقعہ کو کچھ لوگوں نے فرقہ وارانہ رنگ دینے کی کوشش کی اور یہ ظاہر کرنے کی کوشش ہوئی کہ مسلمانوں نے دو سادھوؤں اور ایک ڈرائیور کو قتل کر دیا۔ لیکن دھیرے دھیرے اس پورے معاملے سے پردہ اٹھتا ہوا نظر آ رہا ہے۔ پہلے تو مہاراشٹر کے وزیر داخلہ انل دیشمکھ نے 101 گرفتار ملزمین کی فہرست جاری کی جس میں ایک بھی مسلم نام شامل نہیں تھا، اور اب ریاستی کانگریس ترجمان سچن ساونت نے پریس کانفرنس کر کہا ہے کہ موب لنچنگ واقعہ کے دو ملزمین کا تعلق بی جے پی سے ہے۔
مہاراشٹر کانگریس کا کہنا ہے کہ ایشور نکولے اور بھاؤ ساٹھے ملزم نمبر 61 اور 65 کی شکل میں پالگھر موب لنچنگ کے نامزد ملزم ہیں۔ وہ دونوں پالگھر ضلع میں بی جے پی کی دہانو منڈل یونٹ کے عہدیدار ہیں۔ بی جے پی کو ان کے خلاف کارروائی کرنی چاہیے۔ سچن ساونت کا کہنا ہے کہ بی جے پی کو اپنے عہدیداروں کے خلاف ضرور کارروائی کرنی چاہیے کیونکہ وہ دو سادھوؤں اور ایک ڈرائیور کے قتل کے ملزم ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : پالگھر موب لنچنگ کو مذہبی رنگ دے رہی ہے بی جے پی: سچن ساونت
سچن ساونت نے میڈیا کو بتایا کہ نکولے کو بی جے پی دہانو منڈل کے آفیشیل فیس بک پیج پر گادچنکل گاؤں کے بوتھ سطح کے عہدیدار کی شکل میں دیکھا جا سکتا ہے۔ اسی گاؤں میں بچہ چور ہونے کے اندیشہ میں بھیڑ نے جمعرات کی شب دو سادھوؤں سمیت تین لوگوں کا پیٹ پیٹ کر قتل کر دیا تھا۔ اس معاملے میں 101 لوگوں کو ملزم کے طور پر نامزد کیا گیا ہے اور ان کی گرفتاری بھی عمل میں آ چکی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 24 Apr 2020, 9:00 PM