’کشمیر میں 15 سیکورٹی اہلکار شہید، 18 شہریوں کا قتل، بی جے پی 8 سال کا جشن منانے میں مصروف‘
راہل گاندھی نے کہا کہ کشمیر میں گزشتہ 5 ماہ کے دوران 15 سیکورٹی اہلکار شہید اور 18 عام شہری قتل کر دیئے گئے، کشمیری پنڈت 18 دن سے دھرنے پر ہیں لیکن بی جے پی 8 سال مکمل ہونے پر جشن منانے میں مصروف ہے
نئی دہلی: کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے وادی میں کشمیری پنڈتوں کو مسلسل نشانہ بنائے جانے پر مودی حکومت پر حملہ کیا ہے۔ انہوں نے ٹوئٹ کیا کہ ’’گزشتہ 5 مہینوں میں کشمیر میں 15 سیکورٹی اہلکار شہید اور 18 عام شہری قتل کر دیئے گئے۔ کل بھی ایک ٹیچر کو مارا گیا۔ کشمیری پنڈت 18 دن سے دھرنے پر ہیں لیکن بی جے پی 8 سال کا جشن منانے میں مصروف ہے۔ وزیر اعظم صاحب، یہ کوئی فلم نہیں، آج کشمیر کی سچائی ہے!‘‘
خیال رہے کہ منگل کے روز جموں و کشمیر کے کولگام ضلع میں ملی ٹینٹوں نے ایک ہندو خاتون ٹیچر کو گولی مار کر ہلاک کر دیا۔ پولیس نے بتایا کہ ملی ٹینٹوں نے جموں ڈویژن کے سانبہ ضلع سے تعلق رکھنے والی ایک درج فہرست ذات سے تعلق رکھنے والی ہندو ٹیچر رجنی کو کولگام ضلع کے گوپال پورہ ہائی اسکول میں گولی کا نشانہ بنایا۔
واضح رہے کہ مئی کے مہینے میں یہ دوسرا موقع ہے کہ جب کسی غیر مسلم کو قتل کیا گیا ہے۔ 12 مئی کو راہل بھٹ کو بڈگام ضلع کی چاڈورہ تحصیل میں تحصیلدار کے دفتر کے اندر گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا تھا۔ مئی کے مہینے کے دوران کشمیر میں لوگوں کو نشانہ بنانے اور قتل کرنے کے 7 واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔ ان میں سے چار عام شہری اور تین پولیس اہلکار شامل ہیں، جو ڈیوٹی پر تعینات نہیں تھے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔