جامعہ ملیہ اسلامیہ کے 120 طلبا کو کیمپس پلیسمنٹ میں ملی ملازمت، 500 سے زائد اگلے دور کے لیے منتخب
اس مرتبہ جامعہ ملیہ اسلامیہ میں تقریباً 60 مشہور کمپنیاں طلبا کو ملازمت پیش کرنے کے لیے پہنچیں، اس ’جاب فیئر‘ کو لے کر طلبا کے جوش کا اندازہ اسی بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ تقریباً 2000 رجسٹریشن ہوئے۔
راجدھانی دہلی واقع جامعہ ملیہ اسلامیہ میں مختلف کمپنیوں نے ملازمت کے لیے یونیورسٹی کے 120 سے زائد طلبا کا انتخاب کیا ہے۔ ملک اور دنیا کی ملٹی نیشنل کمپنیوں میں ملازمت حاصل کرنے والے ان طلبا کے علاوہ جامعہ کے 500 ے زیادہ دیگر طلبا آئندہ دور کے لیے منتخب ہوئے ہیں۔
یونیورسٹی انتظامیہ کے مطابق اس بار جامعہ میں تقریباً 60 مشہور کمپنیاں طلبا کو ملازمت پیش کرنے کے لیے پہنچیں۔ ان کمپنیوں میں ٹیک مہندرا، جے ٹی ای کے ٹی، ایکسیوم کنسلٹنگ، وسرو، مینٹیک، دی اکونومک ٹائمز، آئی بی گلوبل وغیرہ اہم ہیں۔ آف لائن انٹرویو کا انعقاد انجینئرنگ فیکلٹی کے آڈیٹوریم اور یونیورسٹی پلیسمنٹ سیل کے دفتر میں کیا گیا۔
اس ’جاب فیئر‘ کو لے کر طلبا کے زبردست جوش کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ الگ الگ کورسز کے 2000 سے زیادہ طلبا نے اس جاب فیئر کے لیے رجسٹریشن کروایا۔ یہاں بایو ڈاٹا ویریفکیشن اور ماک انٹرویو کے لیے بھی اسٹال لگائے گئے تھے جس میں تقریباً 300 طلبا کی بھیڑ دیکھی گئی۔
جامعہ ملیہ اسلامیہ کے یونیورسٹی پلیسمنٹ سیل نے اس جاب-کم-انٹرن شپ فیئر ’کیریئر کنیکٹ‘ کا انعقاد ہائبرڈ موڈ (آف لائن اینڈ آن لائن) میں کیا۔ اس کا انعقاد نندی فاؤنڈیشن اور مہندرا پرائیڈ کلاس روم کے تعاون سے منعقد کیا گیا تھا۔ آئی ای ایس، نئی دہلی اس پروگرام کا ایسو سی ایٹ اسپانسر تھا۔
جامعہ ملیہ اسلامیہ کی وائس چانسلر پروفیسر نجمہ اختر نے یو پی سی، جامعہ کو طلبا کی تربیت اور پلیسمنٹ و جاب فیئر 2023 کے انعقاد کی کوششوں کے لیے مبارکباد دی۔ انھوں نے یہ بھی تذکرہ کیا کہ جامعہ اپنے طلبا کی مجموعی ترقی کے لیے ہمیشہ کوشش کرتا ہے اور ان کی صلاحیتوں میں مکمل اعتماد رکھتا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔