گجرات: نمک فیکٹری کی دیوار گرنے سے 12 مزدور ہلاک، 18 زخمی
موربی ضلع کے ہلود میں ایک نمک کارخانہ کی دیوار گرنے سے کم از کم 12 مزدوروں کی موت ہو گئی ہے، موصولہ اطلاعات کے مطابق دیوار گرنے سے 30 سے زائد مزدور ملبے میں دب گئے تھے۔
گجرات میں ایک نمک بنانے والی فیکٹری میں دردناک حادثہ پیش آیا ہے۔ اس واقعہ میں 12 لوگوں کی موت ہو گئی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق فیکٹری کی دیوار گرنے سے نہ صرف کئی مزدور ہلاک ہوئے بلکہ 18 کے زخمی ہونے کی بھی خبر ہے۔ یہ واقعہ موربی کے ہلود جی آئی ڈی سی میں پیش آیا۔ حادثہ کی اطلاع ملتے ہی موقع پر پولیس پہنچ گئی ہے اور راحت و بچاؤ کام شروع ہو گیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ جائے حادثہ پر اب بھی 15 سے زائد مزدور دبے ہوئے ہیں۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق دیوار کے پاس بیٹھ کر مزدور نمک کی پیکنگ کر رہے تھے۔ اسی دوران پوری کی پوری دیوار منہدم ہو گئی۔ حادثے کے قریب نصف گھنٹے پہلے یہاں 70 سے زیادہ مزدور کام کر رہے تھے، لیکن ان میں سے 30 سے زائد مزدور کھانا کھانے باہر چلے گئے تھے۔ وزیر اعظم دفتر کی طرف سے اس حادثہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے معاوضے کا اعلان کیا گیا ہے۔ پی ایم او نے کہا کہ حادثے میں ہلاک ہونے والوں کے کنبہ کو پی ایم این آر ایف کی طرف سے 2-2 لاکھ روپے دیئے جائیں گے۔ زخمیوں کو 50 ہزار روپے دیئے جائیں گے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔