جشن ریختہ: لندن سے دو روزہ آن لائن فیسٹیول شروع
جشن ریختہ نے پہلی مرتبہ ڈیجیٹل فیسٹیول منعقد کیا ہے۔ برطانیہ میں جشن ریختہ کے 2,11,000 فالورز ہیں جبکہ لندن شہر میں 84,000 فالورز ہیں۔
پوری دنیا میں اردو کو نئی شناخت دلانے والے ادارہ ’ریختہ‘ نے لاک ڈاؤن میں آج پہلی مرتبہ لندن سے اپنا آن لائن فیسٹیول یعنی 'جشن ریختہ' شروع کیا۔ دو دن تک چلنے والے اس فیسٹیول میں تین مرحلوں میں 32 ڈیجیٹل سیشن ہوں گے اور اس میں سو سے زیادہ فنکار اور مصنّفین شرکت کررہے ہیں۔ اس میں بات چیت کے علاوہ مشاعرہ، داستان گوئی، غزل، صوفی سنگیت، قوالی اور ڈانس وڈرامہ کے بھی پروگرام شامل ہیں۔
آج اس سیشن کی ابتدا ہندوستانی وقت کے مطابق شام 19:30بجے ہندی فلموں کے مشہور نغمہ نگار جاوید اختر اور منوج منتشر کے درمیان 'سینما کل اور آج' پر بات چیت سے ہوئی۔ اس ڈیجیٹل پروگرام کو پندرہ دنوں تک دیکھا جاسکتا ہے۔ یہ پروگرام ہندوستانی وقت کے مطابق شام 19:30سے 00:30 بجے تک ہورہا ہے جبکہ لندن میں یہ دوپہر 15:00 بجے سے رات 20:00 بجے تک ہوا۔
جشن ریختہ نے پہلی مرتبہ ڈیجیٹل فیسٹیول منعقد کیا ہے۔ برطانیہ میں جشن ریختہ کے 2,11,000 فالورز ہیں جبکہ لندن شہر میں 84,000 فالورز ہیں۔ فیسٹیول میں ہندوستان اور پاکستان کے شاعر اور فنکاربھی حصہ لے رہے ہیں۔ اس میں ’میں بیوی اور باگھا‘ نامی ایک ناٹک بھی ہوگا جو خط اسٹائل پر مبنی ہے۔ فیسٹیول میں گرونانک دیو کی 500ویں سالگرہ بھی منائی جائے گی۔
مشہور غزل گلوکار طلعت عزیز اور شلپا راؤ غزلوں پر بات چیت کررہے ہیں اور مشہور اداکارہ تنوجا چندرا اور مشہور اسکرپٹ رائٹر نسرین منی کبیراور ثانیہ سعید سینما اور ٹیلی ویژن میں اردو کے کردارپر بات چیت کررہے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔