آئی پی ایل: راجستھان رائلز نے سن رائزرز حیدرآباد کو دی 72 رنز سے شکست
گزشتہ آئی پی ایل کے ٹاپ اسکورر رہے بٹلر کی بلے بازی میں ذرا بھی تبدیلی نہیں آئی اور انہوں نے 22 گیندوں پر سات چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 54 رنز بنائے۔
حیدرآباد: راجستھان رائلز نے جوس بٹلر (54)، یشسوی جیسوال (54) اور سنجو سیمسن (55) کی شاندار نصف سنچریوں کے بعد یوزویندر چہل (17/4) کی شاندار گیند بازی کی بدولت انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں اتوار کے روز سن رائزرز حیدرآباد کو 72 رنز سے شکست دی۔ دفاعی رنر اپ رائلز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں 203 رنز بنائے۔ جواب میں سن رائزرز صرف 131 رنز ہی بناسکی۔
گزشتہ آئی پی ایل کے ٹاپ اسکورر رہے بٹلر کی بلے بازی میں ذرا بھی تبدیلی نہیں آئی اور انہوں نے 22 گیندوں پر سات چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 54 رنز بنائے۔ جیسوال نے 54 (37) جبکہ سیمسن نے 55 (32) رنوں کی اننگ کھیلی۔ ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے سن رائزرز نے پہلے ہی اوور میں دو وکٹیں گنوا دیں اور اس کے بعد میزبان ٹیم واپسی نہ کرسکی۔ چہل نے رائلز کے لیے بہترین گیند بازی کی اور چار اوورز میں 17 رنز دے کر چار وکٹیں لے کر سن رائزرز کی بیٹنگ کی کمر توڑ دی۔
سن رائزرز نے ٹاس جیت کر بولنگ کا انتخاب کیا لیکن راجستھان کے بلے باز پہلی ہی گیند سے حاوی رہے۔ اوپنرز بٹلر اور جیسوال نے تیزی سے رن بناتے ہوئے پہلے وکٹ کے لیے 35 گیندوں میں 85 رنز جوڑ لئے۔ یہ پاور پلے میں رائلز کا سب سے بڑا اسکور ہے۔ بٹلر نے اس میں 22 گیند پر سات چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 54 رنزکا تعاون دیا۔ فضل حق فاروقی نے پاور پلے ختم ہونے سے پہلے بٹلر کو پویلین بھیج دیا، لیکن سن رائزرز پھر سیمسن اور جیسوال کی زد میں آگئے۔ سیمسن-جیسوال نے دوسرے وکٹ کے لیے 54 رنز کی شراکت داری کی۔ جیسوال نے 34 گیندوں پر اپنی نصف سنچری مکمل کی، حالانکہ وہ بھی 54 رنز بنانے کے بعد فاروقی کا شکار ہو گئے۔
جیسوال کے آؤٹ ہونے کے بعد سن رائزرز مخالف ٹیم کے رن ریٹ کو کچھ حد تک روکنے میں کامیاب رہے۔ عمران ملک نے دیودت پڈیکل کو دو رنز پر بولڈ کیا جبکہ ریان پراگ سات رنز بنانے کے بعد ٹی نٹراجن کا شکار بنے۔ اس دوران سیمسن نے اپنی نصف سنچری مکمل کر کے رائلز کی اننگز کو مضبوط کیا۔ انہوں نے 32 گیندوں میں تین چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے 55 رنز بنائے۔ سن رائزرز نے آخری چار اوورز میں سیمسن کو آؤٹ کرتے ہوئے اچھی گیندبازی کی، لیکن شمرون ہیٹمائر (16 گیند، 22 رن) کی مدد سے رائلز 200 رنز کا ہندسہ عبور کرنے میں کامیاب رہی۔ فاروقی (4 اوور، 41 رنز) اور نٹراجن (3 اوور، 23 رنز) نے دو دو وکٹیں حاصل کیں، جبکہ عمران (3 اوور، 32 رنز) نے ایک وکٹ لیا۔
سن رائزرز کو جیت کی امید کے لیے مضبوط آغاز کی ضرورت تھی لیکن ٹرینٹ بولٹ نے پہلے ہی اوور میں ابھیشیک شرما اور راہل ترپاٹھی کو آؤٹ کر کے ان کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔ بولٹ نے پاور پلے میں تین اوور ڈالتے ہوئے صرف آٹھ رن دیئے، جس سے سن رائزرز کی اننگ کو بڑا دھچکا لگا۔ نوجوان باصلاحیت بلے باز ہیری بروک نے پاور پلے کے بعد اپنا ہاتھ کھولنا چاہا لیکن چہل نے انہیں بولڈ کر کے ٹی ٹوئنٹی میں 300 وکٹیں مکمل کر لیں۔ بروک آئی پی ایل کی اپنی پہلی اننگ میں 21 گیندوں پر صرف 13 رنز ہی بنا سکے۔
رائلز نے 10 اوورز مکمل ہونے سے قبل رائلز نے واشنگٹن سندر اور گلین فلپس کو آؤٹ کر کے سن رائزرز کی آدھی ٹیم کو 48 رنز پر پویلین لوٹا دیا۔ اوپنر مینک اگروال کو 27 رنز بناکر جدوجہد کی لیکن وہ بھی 12ویں اوور میں چہل کا شکار ہو گئے۔ مینک نے 23 رنز کی اننگ میں تین چوکے لگائے۔ چہل کی جانب سے عادل رشید اور بھونیشور کمار کے آؤٹ ہونے کے بعد سن رائزرز آئی پی ایل کے اپنے سب سے چھوٹے اسکور پر سمٹ سکتی تھی لیکن عبدالصمد اور عمران ملک نے انہیں اس مایوس کن کارنامے سے بچا لیا۔
صمد اور عمران نے نویں وکٹ کے لیے 12 گیندوں پر 36 رنز جوڑے۔ عبدالصمد نے 32 گیندوں پر دو چوکوں اور ایک چھکا کی مدد سے ناقابل شکست 32 رنز بنائے جبکہ عمران نے اس شراکت میں آٹھ گیندوں پر 19 رنوں کا تعاون دیا۔ چہل (چار وکٹ) اور بولٹ (دو وکٹ) کی قاتلانہ گیندبازی کے علاوہ جیسن ہولڈر اور روی چندرن اشون نے بھی ایک ایک وکٹ لیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔