آئی پی ایل 2023: بنگلور کے ’انجان گیندباز‘ کے سامنے دہلی پست، ٹورنامنٹ میں لگاتار پانچویں شکست

بنگلور کا 174 رن کا اسکور بہت بڑا نہیں تھا، لیکن دہلی کی بلے بازوں نے اپنی غلطیوں کے سبب اسے انتہائی مشکل بنا دیا، پرتھوی شا سیزن کے گزشتہ چار میچوں کی طرح اس بار بھی ناکام رہے۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر آئی اے این ایس</p></div>

تصویر آئی اے این ایس

user

قومی آواز بیورو

آئی پی ایل 2023 دہلی کیپٹلز کے لیے برا خواب ثابت ہو رہا ہے۔ ایسا اس لیے کیونکہ اس ٹورنامنٹ کے اپنے سبھی پانچ میچ دہلی ہار چکی ہے، یعنی پوائنٹس ٹیبل میں اس نے اب تک کوئی نمبر حاصل نہیں کیا ہے۔ آج رائل چیلنجرس بنگلور سے بھی اسے 23 رنوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ حیرانی کی بات یہ ہے کہ بنگلور کے ایک ’انجان گیندباز‘ وشاک وجئے کمار نے دہلی کے بلے بازوں کی کمر توڑ دی۔ 26 سالہ اس تیز گیندباز نے اپنے 5 اوور میں محض 20 رن دے کر 3 اہم وکٹ (ڈیوڈ وارنر، اکشر پٹیل، للت یادو) حاصل کیے۔

قابل ذکر ہے کہ پانچ دن قبل چناسوامی کے اپنے گھریلو اسٹیڈیم میں 212 رن کا بڑا اسکور کھڑا کرنے کے بعد بھی بنگلور کو شکست ملی تھی۔ بنگلور کے گیندبازوں نے زوردار شروعات کے باوجود میچ گنوا دیا تھا۔ اس تنقید کے بعد بنگلور کے گیندبازوں نے آج زبردست واپسی کرتے ہوئے دہلی کیپٹلز کی بلے بازی کو تہس نہس کر کے رکھ دیا۔ بنگلور نے 23 رنوں سے دہلی کو ہراتے ہوئے ٹورنامنٹ میں اپنی دوسری جیت درج کی۔


سیزن کی شاندار شروعات کے بعد لگاتار دو میچ ہارنے والی بنگلور کی گیندبازی لگاتار سوالوں کے گھیرے میں تھی۔ گزشتہ تین مچیوں میں ٹیم نے پاور پلے میں زوردار شروعات کرتے ہوئے کم از کم تین وکٹ نکالے تھے۔ بعد کے اوورس میں حالانکہ اس کے گیندباز بھٹکتے نظر آئے تھے اور ٹیم کو شکست جھیلنی پڑی تھی۔ لیکن آج پہلے سے ہی پست دہلی کے خلاف بنگلور کے گیندبازوں نے اپنی غلطی نہیں دہرائی۔

بنگلور کا 174 رن کا اسکور بہت بڑا نہیں تھا، لیکن دہلی کی بلے بازوں نے اپنی غلطیوں کے سبب اسے انتہائی مشکل بنا دیا۔ پرتھوی شا سیزن کے گزشتہ چار میچوں کی طرح اس بار بھی ناکام رہے۔ حالانکہ اس بار وہ رن آؤٹ ہوئے۔ دہلی کی دقتیں یہیں سے شروع ہو گئی تھیں۔ مشیل مارش بھی ناکام ہو گئے اور یش دھل نے بھی مایوس کیا۔ پاور پلے کے اندر ہی دہلی نے کپتان وارنر سمیت 4 وکٹ گنوا دیئے۔


بنگلور کے تیز گیندباز وشاک کا جلوہ وارنر کا وکٹ لینے کے ساتھ ہی شروع ہوا۔ رجت پاٹیدار کی جگہ پر آر سی بی میں شامل ہوئے وشاک نے اپنی گیندبازی سے سبھی کو حیران کر دیا۔ دہلی کی طرف سے منیش پانڈے نے ہی کچھ دَم خم دکھایا اور نصف سنچری جمانے میں کامیابی حاصل کی، لیکن یہ جیت کے لیے ناکافی ثابت ہوئی۔ دہلی نے 20 اوور میں 9 وکٹ کے نقصان پر محض 151 رن بنائے۔

بات اگر بنگلور کی بلے بازی کی کریں تو کپتان فاف ڈپلیسس اس بار کوئی کمال نہیں دکھا سکے۔ پھر بھی شروع کے 10 اوور میں تیزی کے ساتھ رن بنے۔ خصوصاً وراٹ کوہلی نے کمال کی نصف سنچری بنائی۔ کوہلی نے 10ویں اوور میں 33 گیندوں پر اپنی نصف سنچری مکمل کی، لیکن 11ویں اوور کی پہلی گیند پر للت یادو کا شکار ہو گئے۔ یہاں سے بنگلور کے رنوں کی رفتار نیچے آنے لگی۔ گلین میکسویل نے کچھ بڑے ہِٹ ضرور لگائے، لیکن کلدیپ یادو نے انھیں اپنا شکار بنا کر ایک بار پھر بنگلور کے رنوں کی رفتار کم کر دی۔ 13ویں اوور 14ویں اوور کے درمیان بنگلور نے لگاتار 3 وکٹ گنوا دیے جس نے اس کی مشکلات میں اضافہ کر دیا۔ آخر میں شہباز احمد نے تیزی سے 20 رن بنائے جس کی وجہ سے ٹیم 174 رن تک پہنچ سکی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔