آئی پی ایل 2020: سر چڑھ کر بول رہا ہے لیگ اسپنرز کا جادو

ٹورنامنٹ کے اب تک کے اعدادوشمار کے مطابق رائل چیلنجرس بنگلور کے ہندوستانی لیگ اسپنر یجویندر چہل تین میچوں میں پانچ وکٹ کے ساتھ اسپن ڈیپارٹمنٹ کی قیادت کر رہے ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

دبئی: غیر ملکی گراؤنڈ پر جاری آئی پی ایل میں اس بار لیگ اسپنرز کا جادو سر چڑھ کر بولتا ہوا نظر آ رہا ہے۔ لیگ اسپن گیندبازوں کو یو اے ای کا میدان بہت راس آرہا ہے اور تینوں ہی گراؤنڈز پر ہونے والے میچوں میں لیگ اسپنرز خوب کامیاب نظر آ رہے ہیں۔ اس بار آئی پی ایل 13 کے مقابلے متحدہ عرب امارات کے تین گراؤنڈ دبئی ، شارجہ اور ابوظبی میں منعقد ہورہے ہیں۔ ٹورنامنٹ میں لیگ اسپنر ہی چھائے ہوئےہیں جبکہ آف اسپنر ، بائیں ہاتھ کے اسپنر اور چائنامین بولر پیچھے چھوٹ گئے ہیں۔

ٹورنامنٹ کے اب تک کے اعدادوشمار کے مطابق رائل چیلنجرس بنگلور کے ہندوستانی لیگ اسپنر یجویندر چہل تین میچوں میں پانچ وکٹ کے ساتھ اسپن ڈپارٹمنٹ کی قیادت کررہے ہیں۔ کنگز الیون پنجاب کے لیگ اسپنر مروگن اشون نے دو میچوں میں چار اور راجستھان رائلز کے لیگ اسپنر راہل تیوتیا نے تین میچوں میں چار وکٹیں حاصل کیں۔


سنرائزرس حیدرآباد کے افغان لیگ اسپنر راشد خان نے تین میچوں میں چار وکٹیں حاصل کیں۔ دہلی کیپٹلز کے خلاف ٹورنامنٹ میں اپنی ٹیم کی پہلی جیت میں راشد نے چار اوور کی خطرناک بالنگ میں 14 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں۔ پنجاب کے لیگ اسپنر روی بشنوئی اور ممبئی انڈینز کے لیگ اسپنر راہل چاہر نے تین میچوں میں چار وکٹیں حاصل کیں۔

چنئی سپر کنگز کے لیگ اسپنر پیوش چاؤلہ نے تین میچوں میں چار اور کولکاتا نائٹ رائیڈرز کے لیگ اسپنر ورون چکرورتی نے دو میچوں میں تین وکٹیں حاصل کیں۔ دہلی کے لیگ اسپنر امیت مشرا نے دو میچوں میں دو وکٹیں حاصل کیں اور وہ ٹورنامنٹ کی تاریخ میں سب سے زیادہ وکٹ لینے والے دوسرے گیند باز ہیں ۔ دہلی کی طرف سے کھیلنے والے ہندوستانی آف اسپنر روی چندرن اشون نے ایک میچ میں دو وکٹیں حاصل کیں لیکن اس کے بعد کندھے کی انجری کی وجہ سے اگلے دو میچوں سے باہر ہوگئے۔ دہلی ٹیم کے بائیں ہاتھ کے اسپنر اکشر پٹیل نے تین میچوں میں دو وکٹیں حاصل کیں۔


چنئی کے بائیں ہاتھ کے اسپنر رویندر جڈیجا نے تین میچوں میں دو اور کولکتہ کے آف اسپنر سنیل نارائن نے تین میچوں میں دو وکٹیں حاصل کیں۔ بنگلور کے آف اسپنر واشنگٹن سندر نے تین میچوں میں ایک وکٹ حاصل کی ہے۔ بنگلور کے بائیں ہاتھ کے اسپنر ابھیشیک شرما نے تین میچوں میں ایک وکٹ حاصل کی ہے ، ممبئی کے بائیں ہاتھ کے اسپنر کرونال پانڈیا نے تین میچوں میں ایک وکٹ حاصل کی ہے اور کولکتہ کے چائنا مین بالر کلدیپ یادو نے تین میچوں میں ایک وکٹ حاصل کی ہے۔

ان اعدادوشمار سے یہ بات واضح ہوجاتی ہے کہ آئی پی ایل کی ٹیمیں اس سیزن میں وکٹ لینے کے لئے لیگ اسپنرز پر زیادہ انحصار کررہی ہیں اور لیگ اسپنرز نے بھی متحدہ عرب امارات کی پچوں پر اپنے آپ کو ثابت کردیا ہے۔ ٹورنامنٹ کا ابھی بہت طویل سفر ہے اور آف اسپنرز ، بائیں ہاتھ کے اسپنرز اور چائنا مین بالرز کو واپسی کا موقع ملے گا تاکہ وہ لیگ اسپنرز کو چیلنج کرسکیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔