آئی پی ایل 2020: ریتوراج نے بتایا کامیابی کا راز، دھونی کو دیا کریڈٹ
گائکواڈ نے دھونی کے ساتھ جڑے کئی قصوں کو بھی فینز کے ساتھ شیئر کیا ہے۔ انہوں نے اسٹاگرام پر بتایا کہ 2016 میں کس طرح ان کی فرسٹ کلاس کرکٹ میچ کے دوران دھونی سے ملاقات ہوئی تھی۔
ابو ظہبی: آئی پی ایل 2020 میں چنئی سپر کنگز کی ٹیم کو کئی مشکلات کا سامنا رہا اور سریش رینا جیسے کھلاڑی سیزن کے آغاز سے قبل ہی باہر ہوئے جس کا خمیازہ ٹیم کو اٹھانا پڑا۔ سی ایس کے کے لئے خراب سیزن رہنے کے باوجود مستقبل کے لئے راحت ملی ہے، کیونکہ آخری تین میچوں میں لگاتار تین نصف سنچریاں اسکور کر کے ریتو راج گائکواڈ نے ٹیم کو امید کی روشنی دکھائی ہے۔
گائکواڈ نے اپنی کامیابی کا سہرہ کپتان مہندر سنگھ دھونی کے سر باندھا ہے۔ اتنا ہی نہیں گائکواڈ نے دھونی کے ساتھ جڑے کئی قصوں کو بھی فینز کے ساتھ شیئر کیا ہے۔ انہوں نے اسٹاگرام پر بتایا کہ 2016 میں کس طرح ان کی فرسٹ کلاس کرکٹ میچ کے دوران دھونی سے ملاقات ہوئی تھی۔
گائکواڈ نے سوشل میڈیا پر لکھا، ’’میں اکتوبر 2016 میں ایم ایس دھونی سے پہلی مرتبہ ملا تھا۔ اپنے پہلے رنجی میچ کے دوران ہی میری انگلی میں فریکچر ہو گیا تھا۔ دھونی جھارکھنڈ کی ٹیم کے مینٹر تھے اور انہوں نے خود آ کر مجھ سے حال چال دریافت کیے۔‘‘
اس کے بعد آئی پی ایل کے موجودہ سیزن کے ابتدائی میچوں میں گائکواڈ بہتر کارکردگی کا مظاہر نہیں کر پا رہے تھے، تو دھونی نے انہیں کچھ مشورے دیئے جن کا انہیں فائدہ ہوا۔ انہوں نے لکھا، ’’اکتوبر 2020 میں میں اسکور نہیں کر پا رہا تھا۔ وہ خود میرے پاس آئے اور میری ذاتی زندگی کے بارے میں بات کی۔ ان کے ساتھ ڈریسنگ روم کا اشتراک کرنا قسمت کی بات تھی۔ ان کے ساتھ بلے بازی کرنا خوابوں سچ ہونے سے بھی بڑھ کر ہے۔‘‘
خیال رہے کہ اس سیزن میں سی ایس کے کی کارکردگی کافی مایوس کن رہی ہے اور ٹیم 8 میچ گنوا کر لیگ مرحلہ سے ہی باہر ہو گئی۔ تاہم کپتان دھونی نے فینز کو بھروسہ دلایا ہے کہ وہ گائکواڈ جیسے نوجوان کھلاڑیوں کے ساتھ ایک نئی ٹیم بنا کر اگلے سال مضبوطی سے واپسی کریں گے۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔