آئی پی ایل 2020: تیوتیا اور پراگ کی بدولت راجستھان کی حیدرآباد پر جیت

تیوتیا نے 28 گیندوں پر 4 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 45 رنز کی میچ وننگ اننگ کھیلی۔ انہوں نے پراگ کی اچھی طرح سے حمایت کی، جنھوں نے 26 گیندوں میں ناقابل شکست 42 رنز میں دو چوکے اور دو چھکے لگائے۔

تیوتیا اور پراگ، تصویر iplt20.com
تیوتیا اور پراگ، تصویر iplt20.com
user

یو این آئی

دبئی: راہل تیوتیا کی 45 رنز کی ناقابل شکست طوفانی اننگز اور چھٹے وکٹ کے لئے ریان پیراگ (ناٹ آؤٹ 42) کے ساتھ ان کی 85 رنز کی میچ وننگ ناقابل شکست شراکت کی مدد سے راجستھان رائلز نے اتوار کے روز سن رائزرس حیدرآباد کو پانچ وکٹوں سے شکست دے کر آئی پی ایل میں سات میچوں میں اپنی تیسری جیت حاصل کی۔

حیدرآباد نے منیش پانڈے کی شاندار نصف سنچری اننگز سے چار وکٹوں پر 158 رنز کا مشکل اسکور بنایا تھا لیکن تیوتیا کے اس تیز دھماکے سے راجستھان نے 19.5 اوور میں پانچ وکٹ پر 163 رنز بنا کر حریف ٹیم کو شکست دیدی۔ سات میچوں میں یہ راجستھان کی تیسری جیت ہے اور اس کے چھ پوائنٹ ہیں جبکہ حیدرآباد کو سات میچوں میں چوتھی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔


تیوتیا نے 28 گیندوں پر چار چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 45 رنز کی ناقابل شکست میچ وننگ اننگ کھیلی۔ انہوں نے پراگ کی اچھی طرح سے حمایت کی، جنھوں نے 26 گیندوں میں ناقابل شکست 42 رنز میں دو چوکے اور دو چھکے لگائے۔ حیدرآباد کے ہاتھوں سے فتح چھیننے کے لئے دونوں نے چھٹی وکٹ کے لئے ناقابل شکست 85 رنز جوڑے۔ راجستھان نے 78 رنز دے کر پانچ وکٹیں گنوا دی تھیں لیکن تیوتیا اور پراگ نے راجستھان کی جیت کو یقینی بنایا اور راجستھان کو فتح دلائی۔

ہدف کے تعاقب میں راجستھان کی ٹیم ڈگمگائی اور اس کے ٹاپ آرڈر کے بلے باز ایک کے بعد ایک پویلین لوٹتے رہے۔ بین اسٹوکس نے اپنا پہلا میچ اس آئی پی ایل میں کھیلا، جس میں وہ خلیل احمد کی گیند پر صرف پانچ رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ کپتان اسٹیون اسمتھ پانچ رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔


جوز بٹلر 16 رنز بنا کر خلیل کا دوسرا شکار بنے۔ رابن اتھپا نے 18 رنز بنائے۔ انہیں خطرناک لیگ اسپنر راشد خان نے ایل بی ڈبلیو کیا۔ راشد نے سنجو سیمسن کو بھی پویلین بھیجا۔ سیمسن نے 25 گیندوں پر 26 رنز میں تین چوکے لگائے۔ راجستھان کی پانچویں وکٹ 12 ویں اوور کی آخری گیند پر 78 کے اسکور پر گری۔ اس وقت راجستھان کی حالت بہت خراب نظر آرہی تھی لیکن تیوتیا اور پراگ کے درمیان شراکت نے میچ کا نقشہ بدل دیا۔

تیوتیا نے خطرناک راشد کے 18 ویں اوور میں لگاتار تین چوکے لگاکر حیدرآباد کے کپتان ڈیوڈ وارنر کو ہکا بکا کردیا۔ تیوتیا نے اگلے ہی اوور میں ٹی نٹراجن کے اوور میں لگاتار چوکوں اور چھکوں کی مدد سے راجستھان کو جیت کی منزل کے قریب پہنچادیا۔ جیسے ہی آخری اوور کی پانچویں گیند پر پراگ نے چھکا مارا، راجستھان کا پورا کیمپ خوشی سے اچھل پڑا۔ ٹیم نے ایک ناقابل یقین فتح حاصل کرلی۔


اس سے قبل حیدرآباد کے کپتان ڈیوڈ وارنر نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ وارنر نے 38 گیندوں میں تین چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 48 رنز بنائے۔ ٹیم کے 23 رنز کے اسکور پر جانی بیرسٹو 16 رنز بناکر آؤٹ ہوئے وارنر اور پانڈے نے تیسری وکٹ کے لئے 73 رنز کا اضافہ کیا۔

وارنر کو بولر جوفرا آرچر نے بولڈ کیا۔ اس سے قبل بیرسٹو کی وکٹ کارتک تیاگی نے لی تھی۔ نصف سنچری مکمل کرنے کے بعد پانڈے تیسرے بلے باز کی حیثیت سے 122 کے اسکور پر آؤٹ ہوئے۔ بائیں ہاتھ کے فاسٹ بالر جے دیو انادکت نے پانڈے کی وکٹ حاصل کی۔ پانڈے نے 44 گیندوں پر 54 رنز میں دو چوکے اور تین چھکے لگائے۔


کین ولیمسن اور پریم گرگ نے چوتھی وکٹ کے لئے 36 رنز کی شراکت کی۔ ولیم سن 12 گیندوں پر دو چھکوں کی مدد سے 22 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ آخری گیند پر گرگ رن آؤٹ ہوئے۔ گرگ نے آٹھ گیندوں پر 15 رنز میں ایک چوکا اور ایک چھکا لگایا۔ راجستھان کے لئے آرچر نے 25 رن دے کر ایک وکٹ حاصل کی، تیاگی نے 29 رن پر ایک وکٹ حاصل کی اور انادکت نے 31 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی۔

حیدرآباد نے وجے شنکر کو عبد الصمد کی جگہ اس میچ کے لئے ٹیم میں شامل کیا جبکہ بین اسٹوکس راجستھان کے لئے اس سیزن کا پہلا میچ کھیلے۔ اسٹوکس نے اننگز میں ایک اوور کیا۔ راجستھان نے ریان پراگ اور رابن اتھپا کو بھی اس میچ کے لئے پلیئنگ الیون میں شامل کیا۔ پراگ نے اپنے انتخاب کو اپنی کارکردگی سے درست ثابت کیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔