آئی پی ایل 2020: دہلی کے خلاف جیت کر بھی خوش نہیں ہوئے نکولس پورن

نکولس پورن نے کہا کہ ہمیں ابھی مزید میچ جیتنے ہوں گے، ہماری ٹیم بہترین بولنگ کر رہی ہے، امید ہے کہ ہم آگے بھی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے اور فتحیاب ہوں گے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

ابو ظہبی: آئی پی ایل 2020 کے 38ویں مقابلہ میں کنگز الیون پنجاب نے دہلی کیپٹلز کو پانچ وکٹ سے شکست دی ہے۔ دہلی کیپٹلز نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے سلامی بلے باز شکھر دھون کی شاندار سنچری کی بدولت 20 اوور میں پانچ وکٹ کے نقصان پر 164 رن بنائے۔ اس کے جواب میں پنجاب نے نکولس پورن کی دھماکہ خیز اننگ کی بولت 19 اوور میں ہدف کو باآسانی حاصل کر لیا۔ پنجاب کے لیے جیت کی اننگ کھیلنے کے بعد بھی نکولس پورن خوش نہیں تھے کیونکہ انہیں ایک ملال رہ گیا۔

میچ کے بعد پورن نے کہا کہ وہ ٹیم کو جیت دلا کر لوٹنا چاہتے تھے لیکن انہیں اس بات پر افسوس ہے کہ وہ وقت سے پہلے آؤٹ ہو گئے۔ انہوں نے کہا، ’’میچ شاندار رہا، ہم نے کئی طرح سے بہتری پر غور و خوض کیا تھا۔ میں نے بہتر شروعات کی لیکن مجھے افسوس ہے کہ میں میچ کو ختم نہیں کر سکا۔ یہ میرے لئے مایوس کن ہے۔‘‘


نکولس پورن نے مزید کہا، ’’ہمیں ابھی مزید میچ جیتنے ہوں گے۔ ہماری ٹیم بہترین بولنگ کر رہی ہے۔ امید ہے کہ ہم آگے بھی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے اور فتحیاب ہوں گے۔‘‘ خیال رہے کہ پنجاب کے بلے باز گلین میکزویل نے بھی رنز اسکور کیے اور انہوں نے 24 گیندوں میں تین چوکوں کی مدد سے 32 رنز کی شاندار اننگ کھیلی۔ وہیں، کرس گیل نے صرف 13 گیندوں میں 29 رنوں کا تعاون دیا۔ آخر میں دیپک ہڈا اور جیمس نیشم ناقابل شکست رہے۔ نیشم نے ڈینل سیمس کی گیند پر چھکا لگا کر اپنی ٹیم کو جیت سے ہمکنار کیا۔

اس جیت کے بعد اب پنجاب کے پلے آف میں پہنچنے کے امکانات بھی روشن ہو گئے ہیں۔ وہ اب چار فتوحات کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل میں پانچویں مقام پر آ گئی ہے۔ وہیں ہار کے بعد بھی دہلی کیپٹلز اپنے 10 میچوں میں 7 فتوحات کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل میں سرِ فہرست بنی ہوئی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔