آئی پی ایل 2020: کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے خلاف واپسی کرنے اترے گی ممبئی انڈینز

چار بار کے چمپیئن اور اسٹار بلے باز روہت شرما کی قیادت میں ممبئی کی ٹیم نے چنئی کے خلاف میچ میں بہت سی غلطیاں کیں، جس کی وجہ سے انہیں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

ابوظہبی: آئی پی ایل میں اپنا پہلا میچ ہارنے والی دفاعی چمپئن ممبئی انڈینز بدھ کو کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے خلاف مقابلے میں واپسی کے ارادے سے میدان میں اترے گی۔ ممبئی کو ابوظہبی میں اپنے پہلے میچ میں چنئی سپر کنگز سے پانچ وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا اور یہ ان کا آئی پی ایل کا دوسرا میچ ہوگا۔ آئی پی ایل میں کولکتہ کا یہ پہلا میچ ہے اور اس کا مقصد ٹورنامنٹ میں جیت کے ساتھ آغاز کرنا ہوگا۔

چار بار کے چمپیئن اور اسٹار بلے باز روہت شرما کی قیادت میں ممبئی کی ٹیم نے چنئی کے خلاف میچ میں بہت سی غلطیاں کیں، جس کی وجہ سے انہیں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ کپتان روہت پہلے میچ میں توقع کے مطابق کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کرسکے لیکن انہیں کولکتہ کے خلاف بڑی اننگز کھیلنے کی ذمہ داری ادا کرنا ہوگی۔ ممبئی کے لئے یہ ضروری ہے کہ اس کا کپتان طویل وقت تک میدان میں رہے۔ روہت چنئی کے خلاف 12 رنز بنانے میں کامیاب رہے تھے۔


سوریہ کمار یادو 17، ہاردک پانڈیا 14 اور کیرون پولارڈ 18 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ صرف کوئنٹن ڈی کوک نے 33 اور سوربھ تیوری نے 42 رنز بنائے۔ ممبئی نو وکٹوں پر 162 رن بنانے میں کامیاب رہی اور شکست کے بعد روہت نے تسلیم کیا کہ ٹیم 15-20 رنز سے پیچھے ہوگئی۔

ممبئی کے پاس جسپریت بمراہ اور ٹرینٹ بولٹ کی شکل میں دو ورلڈ کلاس بولر ہیں اور انھیں حریف ٹیم کو پاور پلے اور ڈیتھ اوورز میں روکنے کی ذمہ داری نبھانی ہوگی۔ ہاردک پانڈیا ایک آل راؤنڈر ہیں لیکن انہوں نے چنئی کے خلاف کوئی اوور نہیں پھینکا اور وہ خالص بلے باز کی حیثیت سے کھیل رہے ہیں۔ بلے باز کی حیثیت سے کھیلتے ہوئے ہاردک کو اپنی وکٹ کی قدر کو سمجھنا ہوگا اور طویل عرصے تک کریز پر رہنا ہوگا۔ پولارڈ کو اپنی دھماکہ خیز صلاحیت کو ظاہر کرنے کی ضرورت ہے اور ڈیتھ اوورز میں اسے اختتام تک قائم رہنا ہوگا تاکہ ٹیم بہتر اسکور پر پہنچ سکے۔


دو بار کے چمپئن کولکاتہ نے آخری بار سنہ 2014 میں آئی پی ایل کا اعزاز جیتا تھا اور ٹیم کے کپتان گوتم گمبھیر تھے۔ ٹیم کے موجودہ کپتان وکٹ کیپر بیٹسمین دنیش کارتک ہیں اور ٹیم کو ٹائٹل فلور تک لے جانے کی ان کی بہت بڑی ذمہ داری ہوگی۔ بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کی ٹیم کولکتہ کو وہی کرشمہ کرنا پڑے گا جیسا کہ شاہ رخ کی کیریبین پریمیر لیگ کی ٹیم ٹرینباگو نائٹ رائڈرس نے اس سال چوتھی بار ٹائٹل اپنے نام کرکے کیا۔

کولکتہ کی ٹیم میں سنیل نارائن، ایون مورگن، آندرے رسل، پیٹ کمنز، کلدیپ یادو اور نوجوان شبھمن گل کی شکل میں متعدد اچھے کھلاڑی موجود ہیں جو ٹیم کو ٹورنامنٹ میں جیت سے آغاز دلا سکتے ہیں۔ کارتک توقع کریں گے کہ نارائن بھی اوپننگ میں اسی طرح کے دھماکہ خیز بیٹنگ کریں گے جیسا کہ انہوں نے پچھلے کچھ سیزن میں کیا تھا۔ گل، مورگن، کارتک اور رسل ٹیم کو مضبوط اسکور دے سکتے ہیں۔ کولکتہ نے اس سیزن میں کمنز کو 15.50 کروڑ روپئے کی بھاری قیمت میں خریدا ہے جس سے وہ مہنگے ترین غیر ملکی کھلاڑی بن گئے۔


آسٹریلیائی فاسٹ بالر کمنس کو پہلے ہی میچ سے یہ قیمت بھنانی ہوگی۔ 27 سالہ کمنس نے 82 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں 97 وکٹیں حاصل کی ہیں اور اس فارمیٹ میں ان کی عمدہ کارکردگی 16 رنز کے عوض چار وکٹ رہی ہے۔ ممبئی اور کولکتہ کے مابین میچ یقینی طور پر دلچسپ ہوگا اور ممبئی کو اس میچ میں واپسی کے لئے پوری جان لگانی پڑے گی کیونکہ روہت کولکتہ کی ٹیم کی طاقت جانتے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔