آئی پی ایل 2020: پلے آف کی دہلیز تک پہنچ سکتی ہے کے کے آر، چنئی سے رہنا ہوگا محتاط

کولکاتا چنئی کے بعد راجستھان سے میچ کھیلے گی اگر کولکاتا دونوں میچ جیت جاتی ہے تو اس کے 14 پوائنٹس ہوجائیں گے اور پھر اسے دیگر ٹیموں کے ساتھ نیٹ رن ریٹ کی پیچیدگی سے گزرنا پڑ سکتا ہے۔

تصویر بشکریہ ٹوئٹر
تصویر بشکریہ ٹوئٹر
user

یو این آئی

دبئی: کولکاتا نائٹ رائیڈرز کو جمعرات کو آئی پی ایل میں اپنے اہم میچ میں چنئی سپر کنگز سے محتاط رہنا ہوگا جبھی ان کی پلے آف کی امیدیں باقی رہ پائیں گی۔ کولکاتا اس وقت چھ جیت، چھ ہار اور 12 پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر پانچویں نمبر پر ہے۔ چنئی کے خلاف جیت اسے پلے آف کی دہلیز پر پہنچا دے گی۔ تاہم پلے آف کو یقینی بنانے کے لئے کولکاتا کو اپنے باقی دونوں میچ جیتنے ہوں گے۔

کولکاتا چنئی کے بعد راجستھان رائلز سے کھیلے گی اگر کولکاتا دونوں میچ جیت جاتی ہے تو اس کے 14 پوائنٹس ہوجائیں گے اور پھر اسے دیگر ٹیموں کے ساتھ 14 پوائنٹس پر نیٹ رن ریٹ کی پیچیدگی سے گزرنا پڑ سکتا ہے۔


تقریباً پلے آف ریس سے باہر ہونے والی چنئی کی ٹیم مہندر سنگھ دھونی کی قیادت میں اب اپنے باقی دو میچوں میں دوسری ٹیموں کے کھیل کو خراب کرسکتی ہے۔ چنئی نے اپنے پچھلے میچ میں وراٹ کوہلی کی کپتانی میں رائل چیلنجرز بنگلور کو شکست دی تھی اور اب وہ کولکاتا کے لئے بھی پریشانی کا سبب بن سکتی ہے۔

دفاعی رنرز اپ چنئی 12 میچوں میں صرف چار جیت اور آٹھ پوائنٹس کے ساتھ آٹھویں اور آخری نمبر پر ہے۔ چنئی کے پاس اب گنوانے کے لئے کچھ نہیں ہے جبکہ اس نقصان سے کولکاتا کا سفر مشکل ہوسکتا ہے۔ چنئی کے باقی میچ اعزاز کی جنگ ہے تاکہ ٹورنامنٹ کا اختتام کچھ بہتر پوزیشن کے ساتھ ہو۔ چنئی اپنا آخری میچ کولکاتا کے بعد کنگز الیون پنجاب کے خلاف کھیلے گا۔


چنئی نے اپنے پچھلے میچ میں بنگلور کو آٹھ وکٹوں سے شکست دی تھی۔ چنئی نے بنگلور کو چھ وکٹوں پر 145 رنز پر روکنے کے بعد 18.4 اوور میں دو وکٹ پر 150 رن بنا کر آسان فتح حاصل کرلی تھی۔ اس جیت کے بعد دھونی نے کہا تھا کہ کھلاڑیوں کو نتائج کی فکر کیے بغیر کھیل سے لطف اندوز ہونا چاہیے۔

دھونی نے کہا کہ نتائج کی فکر کیے بغیر میچ کھیلیں، بڑے شاٹس لگائیں اور کھیل سے لطف اٹھائیں۔ اگر آپ کھیل سے لطف اندوز نہیں ہو رہے ہیں تو یہ بہت تکلیف دہ ہوجاتا ہے۔ یہ واضح ہے کہ دھونی کولکاتا کے خلاف میچ میں بغیر کسی دباؤ کے کھیلیں گے اور جب کوئی ٹیم اس انداز میں کھیلتی ہے تو وہ اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتی ہے۔


دوسری جانب کولکاتا کو اپنے سابقہ ​​میچ میں کنگز الیون پنجاب سے آٹھ وکٹوں کی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ کولکاتا کو نو وکٹوں پر 149 رنز کے معمولی اسکور پر روکنے کے بعد پنجاب نے 18.5 اوور میں دو وکٹ پر 150 رن بنا کر آسان فتح حاصل کرلی۔ اس میچ میں کولکاتا کی بیٹنگ انتہائی مایوس کن رہی۔

کولکاتا کے کپتان ایون مورگن نے کہا کہ اس سال ایک میدان سے دوسرے میدان میں کھیلنا چیلنج ہے جہاں پچ کی نوعیت مختلف ہے۔ امید ہے کہ ہم اگلے میچ کے لئے دبئی کی کنڈیشنز کے ساتھ ہم آہنگی برقرار رکھیں گے۔ یہ ٹورنامنٹ کی نوعیت ہے، کچھ بھی برا نہیں ہے۔ لیکن ہمیں ابھی واپس آنے کی ضرورت ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔