آئی پی ایل 2020: آخرکار شاگرد وراٹ کو گرو دھونی نے آٹھ وکٹوں سے دی شکست

پلے آف ریس سے تقریباً باہر ہوچکی چنئی سپر کنگزنے اتوار کو آئی پی ایل میچ میں بہترین گیند بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے رائل چیلنجرز بنگلور کو 20 اوورز میں چھ وکٹ پر 145 رنز پر روک دیا تھا۔

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

دبئی: پلے آف ریس سے تقریباً باہر ہونے کے بعد اتوار کے روز چنئی سپر کنگز نے سام کیرن (19 رن پر تین وکٹ) اور رتوراج گائکواڈ (ناٹ آؤٹ 65) کی عمدہ کارکردگی کی بدولت رائل چیلنجرز بنگلور کو میچ میں آٹھ وکٹوں سے شکست دے دی۔ بنگلور کو 20 اوورز میں چھ وکٹوں پر 145 رن پر روکنے کے بعد چنئی نے 18.4 اوور میں دو وکٹ پر 150 رن بنا کر آسان فتح حاصل کرلی۔ گائکواڈ نے ایک چھکا مار کر میچ ختم کیا۔ گائکواڈ نے 51 گیندوں پر چار چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے میچ جیتنے والی ناقابل شکست 65 رنز کی اننگز کھیلی۔ یہ 12 میچوں میں چنئی کی چوتھی جیت ہے اور اس کے آٹھ پوائنٹس ہیں۔

دوسری طرف یہ 11 میچوں میں بنگلور کی چوتھی شکست ہے اور 14 پوائنٹس کے ساتھ تیسری پوزیشن پر ہے۔ بنگلور کی اس شکست کے بعد پلے آف کا انتظار بڑھ گیا ہے۔ اس جیت کے بعد چنئی کو دعا کرنا ہوگی کہ پیر کے روز کنگز الیون پنجاب کے خلاف میچ میں کولکتہ نائٹ رائیڈرز کو شکست کا سامنا کرنا پڑے تاکہ انہیں 12 پوائنٹس سے کچھ امید ہوسکے۔ اگر کولکتہ نے پنجاب کو شکست دی تو وہ 14 پوائنٹس پر آجائے گی اور چنئی باہر ہوجائے گی۔ تاہم بہت کچھ انحصار آئندہ میچوں پر اور پلے آف کی ظاہری شکل پر ہوگا۔


کپتان مہندر سنگھ دھونی نے اس سے قبل ٹورنامنٹ میں وراٹ کوہلی سے شکست کا بدلہ 37 رنز سے لیا ہے۔ چنئی نے بولنگ اور بیٹنگ دونوں شعبوں میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ چنئی نے بنگلور کو چھوٹے اسکور پر روکنے کے بعد 46 رنز کی ٹھوس شروعات کی۔ فاف ڈو پلیسس نے دو چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے صرف 13 گیندوں پر 25 رنز بنائے۔ ڈو پلیس کو کرس مورس نے آؤٹ کیا۔ گائکواڈ نے دوسری وکٹ کے لئے 54 رنز کا اضافہ کیا اور امباتی رائیڈو نے ٹیم کو فتح کی راہ پر گامزن کردیا۔ رائیڈو کو لیگ اسپنر یجویندر چہل نے بولڈ کیا۔ رائیڈو نے 27 گیندوں پر تین چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 27 رنز بنائے۔ کپتان دھونی نے میدان میں آکر پرانے ہاتھ دکھائے اور 21 گیندوں پر تین چوکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ 19 رن بنائے۔ گائکواڈ نے 51 گیندوں پر چار چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 65 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔

اس سے قبل پلے آف ریس سے تقریباً باہر ہوچکی چنئی سپر کنگزنے اتوار کو آئی پی ایل میچ میں بہترین گیند بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے رائل چیلنجرز بنگلور کو 20 اوورز میں چھ وکٹ پر 145 رنز پر روک دیا تھا۔ بنگلور کے کپتان وراٹ کوہلی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ وراٹ نے سیزن کی اپنی تیسری نصف سنچری اسکور کی اور ایک چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے 43 گیندوں میں 50 رنز بنائے اور وہ 19 ویں اوور کی آخری گیند پر پانچویں بلے باز کے طور پر آؤٹ ہوئے۔ وراٹ کی قیمتی وکٹ سیم کیرن نے حاصل کی۔


وراٹ اور اے بی ڈویلیئرز نے تیسری وکٹ کے لئے 82 رنز کی شراکت کی۔ ڈی ویلیئرز نے 36 گیندوں پر 39 رنز میں چار چوکے لگائے۔ اوپنر دیودت پڈیکل نے 21 گیندوں پر 22 رنز میں دو چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ ایرون فنچ نے 11 گیندوں میں تین چوکوں کی مدد سے 15 رنز بنائے۔ معین علی اور کرس مورس دو رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ گرکیریت سنگھ مان اور واشنگٹن سندر پانچ رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

کیرن نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے تین اوورز میں 19 رن دے کر تین وکٹیں حاصل کیں۔ کیرن نے فنچ ، وراٹ اور معین کو آؤٹ کیا۔ دیپک چاہر نے 31 رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کیں۔ انہوں نے ڈی ولیئرز اور مورس کو پویلین بھیجا۔ مچل سینٹنر نے پڈیکل کی وکٹ حاصل کی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔