ڈبلیو ایچ او کے ڈائریکٹر جنرل ہوئے قرنطین، کورونا متاثرہ شخص کے رابطے میں آئے تھے

ٹیڈروس ایڈونوم گیبریس نے اٹوئٹر پر لکھا کہ میں کورونا سے متاثر کسی شخص کے رابطہ میں آیا ہوں، میں بالکل ٹھیک ہوں، لیکن ڈبلیو ایچ او کے کورونا پروٹوکول کے تحت میں گھر میں خود کو الگ کر رہا ہوں۔

 ٹیڈروس ایڈونوم گیبریس، تصویر who.int
ٹیڈروس ایڈونوم گیبریس، تصویر who.int
user

یو این آئی

عالمی طبی تنظیم یعنی ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (ڈبلیو ایچ او) کورونا وبا پھیلنے کے بعد سے مستقل خبروں میں ہے۔ اب خبر آئی ہے کہ ڈبلو ایچ او کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس ایڈونوم گیبریس نے کورونا وائرس (کووڈ ۔19) سے متاثرہ شخص کے رابطے میں آنے کے بعد خود کو قرنطین کرلیا ہے۔

ٹیڈروس ایڈونوم گیبریس نے اتوار کے روز ٹوئٹ کرکے یہ اطلاع دی۔ انہوں نے ٹوئٹر پر لکھا ’’میں کورونا وائرس سے متاثر کسی کے ساتھ رابطہ میں آیا ہوں، میں بالکل ٹھیک ہوں اور مجھ میں کورونا کی کوئی علامت نہیں ہے۔ لیکن ڈبلیو ایچ او کے کورونا پروٹوکول کے تحت میں گھر میں خود کو الگ کر رہا ہوں۔ میں اگلے کچھ روز تک گھر سے کام کروں گا۔‘‘


ڈبلیو ایچ او کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس ایڈونوم گیبریس نے کہا کہ کووڈ-19 وبا کے درمیان صحت کے رہنما اصولوں پر عمل کرنا انتہائی ضروری ہے تاکہ ہم اس وبا کو پھیلنے سے روک سکیں اور صحت کارکنوں پر پڑنے والے بوجھ کو کم کرسکیں۔ ٹیڈروس ایڈونوم گیبریس نے کہا ’’میں اور ڈبلیو ایچ او میں میرے ساتھی لوگوں کی جان بچانے اور محروم طبقات کے لوگوں کی حفاظت کے لئے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر کام کرتے رہیں گے‘‘۔

کورونا وبا پھیلنے کے بعد سے ڈبلو ایچ او نے جو بھی رہنما ہدایات دی ہیں، ان کو لے کر امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی جانب سے مستقل اختلاف رائے سامنے آیا ہے اور بات یہاں تک پہنچی کہ امریکی صدر نے ڈبلو ایچ او کو امریکی امداد بھی بند کرنے کا اعلان کیا تھا ۔ ڈونالڈ ٹرمپ نے یہاں تک کہا تھا کہ ڈبلو ایچ او کے ڈائریکٹر جنرل کا چین کی جانب نرم گوشہ ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔