ویگنر نے روسی عوام کو دھوکہ دیا، بغاوت کرنے والوں کو سخت سزا دیں گے، صدر پوتن کا اعلان
ویگنر گروپ کی بغاوت کے پیش نظر ماسکو میں فوج کی بڑی تعداد تعینات کر دی گئی ہے۔ روسی صدر ولادیمیر پوتن کا کہنا ہے کہ وہ بغاوت کو کچل دیں گے۔
ماسکو: روس کے ویگنر گروپ کے سربراہ یوگینی پریگوزن نے روسی وزارت دفاع کے خلاف بغاوت کر دی ہے۔ جس کے بعد روسی صدر ولادیمیر پوتن نے یوگینی پریگوزن کو غدار قرار دیتے ہوئے کہا کہ بغاوت کرنے والوں کو سخت سزا دی جائے گی۔ خیال رہے کہ پریگوزن نے سوشل میڈیا پر کچھ ویڈیوز شیئر کی ہیں، جن میں انہوں نے روس کے وزیر دفاع کو چیلنج کرتے ہوئے عہدے سے ہٹانے کا اعلان کیا ہے۔
یوگینی نے روسی وزارت دفاع کے ہیڈ کوارٹر روستوو آن ڈان پر قبضے کے لیے اپنے فوجی بھیجے ہیں۔ ایسے میں ماسکو میں ٹینکوں کو تعینات کر دیا گیا ہے۔ ماسکو کی سڑکوں پر بڑی تعداد میں ٹینک اور بکتر بند گاڑیاں دیکھی گئی ہیں۔ کریملن کے اطراف میں بھی فوجی سیکورٹی بڑھا دی گئی ہے۔
دریں اثنا، روسی صدر ولادیمیر پوتن نے قوم سے خطاب کیا اور کہا کہ نجی فوج کے سربراہ نے بغاوت کا اعلان کر دیا اور ملک کے ایک بڑے شہر میں داخل ہو گئے۔ پوتن نے مسلح بغاوت کے اعلان کو 'غداری' قرار دیا اور 'عوام اور روس کے تحفظ' کا وعدہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ روس اپنے مستقبل کے لیے مشکل ترین جنگ لڑ رہا ہے۔
پوتن نے ملک سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک دھوکہ ہے۔ پوتن نے کہا ’’بھائی کو بھائی کے خلاف کھڑا کیا جا رہا ہے، ویگنر نے روس کے لوگوں کو دھوکہ دیا ہے، اس نے ہماری پیٹھ میں چھرا گھونپا ہے، ویگنر نے روسی فوج کو للکارا ہے، اس کے لیے فوج کو الرٹ کر دیا گیا ہے، بغاوت کرنے والے دہشت گردوں کو سخت سزا دی جائے گی!‘‘
دریں اثنا، ماسکو کے میئر سرگئی سوبیانین نے اعلان کیا ہے کہ وہ موصول ہونے والی معلومات کی بنیاد پر انسداد دہشت گردی سرگرمیاں شروع کر رہے ہیں۔ سرگئی سوبیانین نے سوشل میڈیا پر کہا کہ ماسکو میں آنے والی معلومات کے سلسلے میں، سیکورٹی کو مضبوط بنانے کے مقصد سے انسداد دہشت گردی کے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
دوسری جانب جنوبی روس میں روستوف اور لیپاستک دونوں جگہوں پر بھی سیکورٹی بڑھا دی گئی ہے۔ روستوف میں حکام نے تمام رہائشیوں سے کہا ہے کہ وہ اپنے گھروں سے باہر نہ نکلیں۔ ویگنر کے سربراہ یوگینی پریگوزین، جو وزارت دفاع کے ساتھ ایک مہینوں سے تنازع میں الجھ رہے ہیں، نے آج ماسکو پر الزام لگایا کہ وہ اپنی افواج کو مہلک میزائل حملوں سے نشانہ بنا رہا ہے اور جوابی کارروائی کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔
انہوں نے ملک کی فوجی قیادت کا تختہ الٹنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کرنے کا عزم ظاہر کیا اور کہا کہ ان کی افواج ان کے راستے میں آنے والی تمام رکاوٹوں کو تباہ کر دیں گی۔ پریگوزن نے کہا ’’ہم آگے بڑھ رہے ہیں اور ہم آخر تک جائیں گے۔ اس نے روسیوں پر زور دیا کہ وہ اس کی فوج میں شامل ہوں۔ ماسکو کی فوجی قیادت کو سزا دینے پر بھی زور دیا۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔