وزیر داخلہ امت شاہ کی صدارت میں آج کل جماعتی اجلاس، منی پور کی صورتحال پر ہوگا تبادلہ خیال

منی پور تشدد اور کشیدگی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کرنے کے لیے آج کل جماعتی اجلاس کا انعقاد کیا جائے گا، جسے مرکزی وزارت داخلہ نے طلب کیا ہے اور اپوزیشن جماعتیں کافی وقت سے اس کا مطالبہ کر رہی تھیں۔

امت شاہ / یو این آئی
امت شاہ / یو این آئی
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: منی پور میں گزشتہ ڈیڑھ ماہ سے جاری تشدد اور کشیدگی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کرنے کے لیے آج کل جماعتی اجلاس کا انعقاد کیا جائے گا۔ یہ اجلاس مرکزی وزارت داخلہ نے طلب کیا ہے۔ جبکہ حزب اختلاف کی جماعتیں ایک عرصے سے کل جماعتی اجلاس طلب کا مطالبہ کر رہی تھیں۔

منی پور میں تشدد کی آگ لگاتار بھڑک رہی ہے اور جمعہ کو ایک بار پھر نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کی، تاہم اس واقعہ میں کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ فوج جوابی کارروائی کر رہی ہے۔ رپورٹ کے مطابق خواتین کا ایک بڑا گروہ فوج کی نقل و حرکت میں رکاوٹیں ڈال کر شرپسندوں کی ڈھال بن رہا ہے۔ ہندوستانی فوج کی سپیئر کور نے یہ اطلاع دی۔


مسلح شرپسندوں نے دوپہر کے وقت امپھال ایسٹ میں اورنگ پٹ اور کانگ پوکپی کے علاقوں میں فائرنگ کی۔ مسلح شرپسندوں کا ایک گروپ وائی کے پی آئی سے پہاڑی کی طرف علاقے میں داخل ہوا۔ انہوں نے خودکار ہتھیاروں سے اورنگ پٹ اور گوالتابی گاؤں کی طرف فائرنگ کی۔ خواتین مظاہرین کا ایک بڑا گروپ علاقے میں اضافی دستوں کی نقل و حرکت میں رکاوٹ ڈال رہا ہے۔ فوج نے مسلح شرپسندوں کو روکنے کے لیے قومی شاہراہ نمبر 2 کو بند کر دیا ہے۔

امن کی بحالی کے لیے جمعہ کو بھی کئی اضلاع میں سرچ آپریشن جاری رہا۔ سیکورٹی فورسز کے مشترکہ سرچ آپریشن میں اب تک مجموعی طور پر 1095 اسلحہ، 13702 گولہ بارود اور مختلف اقسام کے 250 بم برآمد کیے گئے ہیں۔ وزیر اعلیٰ این بیرن سنگھ نے جمعہ کو کہا کہ پولیس اور مرکزی فورسز بہت جلد ایس او او گروپس اور معاہدوں کی خلاف ورزی کرنے والے تمام مسلح گروپوں کے خلاف مشترکہ آپریشن شروع کریں گے۔


خیال رہے کہ 3 مئی کو منی پور کی ہندو میتئی برادری کو قبائلی درجہ دینے کے مطالبے کے خلاف ریاست میں تشدد پھوٹ پڑا تھا۔ اس دن ریاست کے پہاڑی علاقوں میں رہنے والے کوکی اور ناگا لوگوں نے قبائلی اتحاد مارچ نکالا۔ اس مارچ کے بعد پہاڑی علاقوں میں آباد میتئی برادری کے گھروں کی ایک بڑی تعداد پر حملہ کیا گیا۔ اس کے جواب میں وادی امپھال میں آباد ناگا اور کوکی برادری کے لوگوں کے گھروں پر بھی حملہ کر دیا گیا۔

دونوں طرف سے جاری اس تشدد میں اب تک 115 افراد ہلاک اور 50 ہزار سے زائد لوگ بے گھر ہو چکے ہیں۔ صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے گزشتہ ماہ منی پور کا دورہ کیا اور تمام متاثرہ برادریوں کے لوگوں سے ملاقات کر کے امن قائم کرنے کی اپیل کی۔ تشدد کو روکنے کے لیے فوج، آسام رائفلز سمیت مرکزی پولیس فورس کی کئی کمپنیاں بھی ریاست میں تعینات کی گئی ہیں۔ اس کے باوجود تشدد کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔


تشدد سے بچنے کے لیے سینکڑوں لوگ سرحد پار کر کے دوسری ریاستوں میں چلے گئے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی، تشدد کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے حکومت نے کئی اضلاع میں انٹرنیٹ پر پابندی عائد کر دی ہے۔ حکومت نے اس تشدد کی تہہ تک پہنچنے کے لیے سی بی آئی اور عدالتی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ حکومت کی ہدایات کے بعد سی بی آئی نے 9 جون کو رپورٹ درج کرکے ایس آئی ٹی تشکیل دی ہے۔ اس کے ساتھ ہی حکومت کی ہدایت کے بعد گوہاٹی ہائی کورٹ کے سابق چیف جسٹس اجے لامبا نے بھی جانچ شروع کر دی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔