امریکہ: ایک دن میں ایک لاکھ سے زیادہ نئے کیسز، نیویارک میں نئے اسٹرین کا پہلا معاملہ
صوبہ کے گورنر اینڈریو کوومو نے کہا کہ نیویارک صوبے کی واڈس ورتھ لیب نے سراٹوگا کاؤنٹی کے کورونا سے متاثر شخص میں برطانیہ میں دریافت کیے گئے کورونا وائرس کی نئی شکل کے پہلے کیسز کی تصدیق کی ہے۔
واشنگٹن: عالمی وبا کورونا وائرس ( کووڈ-19) سے شدید متاثر امریکہ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایک لاکھ سے زیادہ نئے کیسز سامنے آنے کے ساتھ ہی ملک میں متاثرہ افراد کی تعداد بڑھ کر 20786001 ہوگئی اور اس وبا سے اب تک 3.53 لاکھ سے زیادہ افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ ادھر، نیو یارک میں برطانیہ میں دریافت ہونے والی کورونا وائرس کی نئی شکل کا پہلا کیس سامنے آیا ہے۔
امریکہ میں یہ وبا خوفناک شکل اختیار کر چکی ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایک لاکھ 62 ہزار 423 نئے کیسز سامنے آنے سے ملک میں متاثرہ افراد کی تعداد 20786001 ہوگئی ہے۔ امریکہ کی جان ہاپکنز یونیورسٹی کے سینٹر برائے سائنس اینڈ انجینئرنگ (سی ایس ایس ای) کی جانب سے جاری تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق ملک میں اس دوران 1681 کورونا مریضوں کی موت ہونے سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر353131 پہنچ گئی ہے۔
امریکہ کے نیو یارک، ٹیکساس اور کیلیفورنیا کے صوبے کورونا سے سب سے زیادہ متاثر ہیں۔ صرف نیو یارک میں ہی کورونا سے 38599 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ ٹیکساس میں اب تک 28551 افراد اس وبا کی وجہ سے ہلاک ہوچکے ہیں۔ کیلیفورنیا میں کووڈ۔19 سے 26665 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔
جبکہ فلوریڈا میں کووڈ۔19 سے 22090 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ اس کے علاوہ نیو جرسی میں 19225 افراد، الی نوائے میں 18412، مشی گن میں 13391، میساچوسٹس میں 12610 اور پنسلوینیا میں کورونا سے 16335 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
امریکہ کے کیلیفورنیا، کولوراڈو اور فلوریڈا صوبے میں میں برطانیہ میں پائے گئے کورونا وائرس کے نئی شکل کیسز کی تصدیق ہوئی ہے۔ کورونا وائرس کے نئی شکل کا وائرس 70 فیصد زیادہ متعدی ہے۔ واضح رہے کہ ملک میں فائزر اور ماریڈنا کی کورونا ویکسین کومنظوری کے بعد ٹیکہ کاری کی مہم بھی بڑے پیمانے پر شروع ہوگئی ہے۔
نیویارک میں سامنے آیا کورونا کی نئی شکل کا پہلا کیس
امریکہ کے صوبہ نیو یارک میں برطانیہ میں دریافت کیے گئے کورونا وائرس (کووڈ۔19) کے نئی شکل کا پہلا کیس سامنے آیا ہے۔ صوبہ کے گورنر اینڈریو کوومو نے پیر کو ٹوئٹ کر کے کہا ’’نیویارک صوبے کی واڈس ورتھ لیب نے سراٹوگا کاؤنٹی کے کورونا سے متاثر شخص میں برطانیہ میں دریافت کیے گئے کورونا وائرس کی نئی شکل کے پہلے کیسز کی تصدیق کی ہے‘‘۔
بیان میں کوومو نے کہا کہ متاثرہ شخص کی سفری ہسٹری نہیں ملی ہے۔ امریکہ کے کم از کم تین صوبوں میں برطانیہ میں دریافت کیے گئے کورونا وائرس کے کیسز پائے گئے ہیں۔ امریکہ کے سنٹرفارڈیزیز کنٹرول اینڈ پریونشن کا کہنا ہے کہ یہ وائرس زیادہ آسانی اور تیزی سے پھیلتا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔