جنگ طالبان نے شروع کی ہے اور اس کے ذمہ دار بھی وہ ہیں: صدر اشرف غنی

اشرف غنی نے کہا ہے کہ حکومتی فورسز نے جنگ کے دور میں بھی انسانی حقوق کا احترام کیا ہے لیکن طالبان نے ان تمام قوانین کی خلاف ورزی کر کے ملک کو ختم کرنے کی کوشش کی ہے۔

اشرف غنی، تصویر آئی اے این ایس
اشرف غنی، تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

کابل: افغانستان کے صدر اشرف غنی نے طالبان پر جنگ چھیڑنے کا الزام عائد کرتے کہا ہے کہ حکومتی فورسز نے جنگ کے دور میں بھی انسانی حقوق کا احترام کیا ہے، لیکن طالبان نے تمام قوانین کی خلاف ورزی کر کے ملک کو ختم کرنے کی کوشش کی ہے. میڈیا رپورٹ کے مطابق صدر اشرف غنی نے دارالحکومت کابل میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب میں کہا ہے کہ امن کے موضوع پر افغان حکومت نے ایک پلان تیار کر کے اسے افغان عوام اور دنیا کے سامنے پیش کیا ہے، لیکن طالبان کے پاس اس موضوع پر کوئی پلان تک موجود نہیں ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ حکومتی فورسز نے جنگ کے دور میں بھی انسانی حقوق کا احترام کیا ہے لیکن طالبان نے ان تمام قوانین کی خلاف ورزی کر کے ملک کو ختم کرنے کی کوشش کی ہے۔ شہری جانی نقصان کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ جنگ کے دوران طالبان نے قصداً انسانی حقوق کی خلاف ورزی کی ہے۔


عالمی برادری کو طالبان کے مقابل غیر جانبداری سے پرہیز کرنے کی اپیل کرتے ہوئے صدر غنی نے کہا ہے کہ جنگ طالبان نے شروع کی ہے اور اس کے ذمہ دار بھی طالبان ہی ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ طالبان دو راستوں میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنے پر مجبور ہیں یا تو سیاسی حل پر مبنی امن کا راستہ یا پھر قوم دشمنی کا۔ انہوں نے کہا ہے کہ حالیہ دنوں میں طالبان کی طرف سے شہریوں پر بڑھتے ہوئے حملوں کے پیچھے بعض حلقوں کا ہاتھ ہے۔

واضح رہے کہ ایک طرف ملک میں سیاسی عدم استحکام کا سامنا ہے تو دوسری طرف حملوں کا سلسلہ جاری ہے اور حالیہ 2 ماہ میں ملک بھر میں طالبان کے زیرِ کنٹرول جانے والی تحصیلوں کی تعداد 20 سے تجاوز کر چکی ہے۔ اقوام متحدہ کے اعداد و شمار کے مطابق ملکی زمین کا 50 سے 70 فیصد حصہ طالبان کے زیرِ کنٹرول ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔