چین میں کورونا کے ڈیلٹا ویریئنٹ نے مچایا کہرام، پُتیان شہر سیل، ہائیوے بھی بند!
مقامی سطح پر کورونا انفیکشن کے پھر سامنے آنے کے بعد چین کے شہر پُتیان میں کئی سخت پابندیاں نافذ کر دی گئی ہیں، ایک رپورٹ کے مطابق فجیان کے شہر پُتیان میں کورونا کی حالت سنگین اور پیچیدہ ہے۔
کورونا وائرس پر چین نے بہت تیزی کے ساتھ قابو پایا تھا، لیکن اب ایک بار پھر چین کے کئی شہروں میں کورونا وائرس کے ڈیلٹا ویریئنٹ نے اپنا کہرام مچانا شروع کر دیا ہے۔ حالات کچھ ایسے پیدا ہو گئے ہیں کہ چین کے جنوب مشرقی علاقہ فجیان کے شہر پُتیان میں سنیما گھر، جِم اور ہائیوے تک بند کر دیئے گئے ہیں۔ یہاں کے باشندوں کو شہر نہ چھوڑنے کی ہدایت بھی دے دی گئی ہے۔
مقامی سطح پر کورونا انفیکشن کے پھر سامنے آنے کے بعد چین کے شہر پُتیان میں کئی سخت پابندیاں نافذ کر دی گئی ہیں۔ خبر رساں ایجنسی رائٹرس کے مطابق پیر کے روز مقامی میڈیا نے رپورٹ کیا کہ فجیان کے شہر پُتیان میں کورونا کی حالت سنگین اور پیچیدہ ہے، اور ممکن ہے کہ یہاں لوگوں کے درمیان کورونا انفیکشن کے مزید نئے معاملے سامنے آئیں۔ پتیان شہر کی آبادی 3.2 ملین ہے۔ یہاں کورونا انفیکشن کے خطرے کے درمیان چین کی نیشنل ہیلتھ اتھارٹی نے ماہرین کی ایک ٹیم بھیجی ہے۔ یہاں کچھ اسکولوں میں آف لائن پڑھائی بھی روک دی گئی ہے۔
موصولہ خبروں کے مطابق نیشنل ہیلتھ کمیشن کا کہنا ہے کہ 10 سے 12 ستمبر کے درمیان فجیانا میں کورونا کے 43 نئے معاملے سامنے آئے ہیں جن میں سے 35 پُتیان سے ملے ہیں۔ اس کے علاوہ پُتیان میں 10 ستمبر سے 32 غیر علامتی معاملے بھی سامنے آئے ہیں۔ حالانکہ چین غیر علامتی معاملوں کو مصدقہ شمار نہیں کرتا ہے، جب تک کہ انفیکشن میں بخار و دیگر کلینیکل علامتیں نہ ہوں۔
واضح رہے کہ 12 ستمبر تک چین میں مجموعی طور پر 95 ہزار 248 کورونا کے معاملے سامنے آئے تھے، جب کہ 4636 لوگوں کی موت ہو گئی تھی۔ چین میں آخری بار جیانگسو میں کورونا کا قہر دیکھا گیا تھا جو حال ہی میں دو ہفتہ پہلے ختم ہوا ہے۔ مقامی طبی افسر کا کہنا ہے کہ پُتیان میں سامنے آئے معاملوں کی جانچ سے پتہ چلا ہے کہ یہ لوگ تیزی سے پھیلنے والے ڈیلٹا ویریئنٹ کی زد میں ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔