پی ایم مودی نے جاپان کے چار اعلیٰ کاروباری لیڈروں سے کی ملاقات

ماسایوشی سون کے ساتھ ملاقات میں پی ایم نے ہندوستان کے اسٹارٹ اپ سیکٹر میں سافٹ بینک کے کردار کی تعریف کی۔ انہوں نے ہندوستان میں مستقبل کے منصوبوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

پی ایم مودی سے ماسایوشی سون ملاقات کرتے ہوئے، تصویر ٹوئٹر @PMOIndia
پی ایم مودی سے ماسایوشی سون ملاقات کرتے ہوئے، تصویر ٹوئٹر @PMOIndia
user

یو این آئی

ٹوکیو: جاپان کے دو روزہ دورے پر پہنچنے کے بعد وزیر اعظم نریندر مودی نے پہلی بار آج یہاں جاپان کے چار اعلیٰ کاروباری لیڈروں سے ملاقات کی اور انہیں ہندوستان میں کاروبار اور سرمایہ کاری کے امکانات اور ان سے فائدہ اٹھانے کے بارے میں بتایا۔ امریکہ، آسٹریلیا، ہندوستان اور جاپان کے کواڈرینگولر الائنس (کواڈ) سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے آئے پی ایم مودی نے اپنی کاروباری ملاقاتوں کی شروعات ڈاکٹر نبوہیرو اینڈو، صدر، این ای سی کارپوریشن سے کی، اور پھرفاسٹ ریٹیلنگ کمپنی کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر تاداشی یانائی، سوزوکی موٹر کارپوریشن کے سینئر ایڈوائزر اوسامو سوزوکی اور سافٹ بینک گروپ کارپوریشن کے بورڈ ڈائریکٹر ماسایوشی سون سے بھی ملاقات کی۔

نبوہیرو اینڈو کے ساتھ اپنی ملاقات میں، پی ایم مودی نے ہندوستان کے ٹیلی کام سیکٹر میں این ای سی کے کردار کی تعریف کی۔ چنئی انڈمان اور نکوبار جزائر اور کوچی لکشدیپ آپٹیکل فائبر پروجیکٹس میں این ای سی کا تعاون اہم ہے۔ وزیر اعظم نے پروڈکٹیوٹی لنک انسینٹیو اسکیم کا خاکہ پیش کیا اور نئی ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجی کے بارے میں تبادلہ خیال کیا اور ساتھ ہی ہندوستان میں ٹیکسیشن اور لیبر قوانین میں لبرلائزیشن کے بارے میں معلومات فراہم کی۔


تاداشی یانائی کے ساتھ اپنی ملاقات میں، پی ایم مودی نے ہندوستان میں ٹیکسٹائل کے کاروبار کی ترقی اور پروڈکٹیوٹی لنک انسینٹیو اسکیم کے تحت سرمایہ کاری کے مواقع اور صنعتی ترقی، انفراسٹرکچر، ٹیکسیشن اور لیبر ریفارمز اورغیرملکی سرمایہ کاروں کو کاروبار کرنے میں آسانی کے شعبوں میں اصلاحات پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیر اعظم نے یونیکلیو کو ہندوستان میں ٹیکسٹائل مینوفیکچرنگ ہب بنانے کی سمت میں زیادہ سے زیادہ شراکت پر زور دیا۔ مودی نے یونیکلو کو پی ایم مترا اسکیم کا فائدہ اٹھانے کی پیشکش بھی کی۔

اوسامو سوزوکی کے ساتھ اپنی ملاقات میں، پی ایم مودی نے ہندوستان میں سوزوکی موٹرز کے تعاون کو یاد کیا اور کہا کہ اس نے ہندوستان میں آٹوموبائل انڈسٹری کو بدل دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سوزوکی موٹر گجرات پرائیویٹ لمیٹڈ اور ماروتی سوزوکی انڈیا لمیٹڈ آٹوموبائل اور آٹو کمپونینٹس سیکٹر میں پروڈکٹیوٹی لنک انسینٹیو اسکیم کے پہلے مستفید ہوئے ہیں۔ انہوں نے ہندوستان میں الیکٹرک گاڑیوں اور بیٹریوں کے لئے سرمایہ کاری اور مینوفیکچرنگ اور ری سائیکلنگ مراکز کے قیام کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے ہندوستان میں مقامی اختراعی نظام قائم کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔


ماسایوشی سون کے ساتھ اپنی ملاقات میں وزیر اعظم نے ہندوستان کے اسٹارٹ اپ سیکٹر میں سافٹ بینک کے کردار کی تعریف کی۔ انہوں نے ہندوستان میں ٹیکنالوجی، توانائی اور مالیات کے شعبے میں مستقبل کے منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیر اعظم نے ہندوستان میں کاروبار کرنے میں آسانی کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات کے بارے میں بتایا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔