ڈبلیو ایچ او کے ذریعہ ملک کی آشا بہنوں کو اعزاز ملنا پورے ملک کے لئے فخر کی بات ہے: پرینکا گاندھی

پرینکا گاندھی نے کہا کہ یو پی اے حکومت نے گاؤں کے آخری فرد تک صحت کی خدمات فراہم کرنے کے لیے آشا بہنوں کی تقرری کی تھی۔ کورونا کے وقت بھی آشا بہنوں نے اپنی فکر کیے بغیر اپنا کام بے مثال طریقے سے کیا۔

آشا کارکنان، تصویر آئی اے این ایس
آشا کارکنان، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے کہا ہے کہ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (ڈبلیو ایچ او) کی جانب سے تسلیم شدہ سوشل ہیلتھ ایکٹیوسٹ (آشا بہنوں) کو اعزاز سے نوازا جانا پورے ملک کے لیے فخر کی بات ہے۔ پرینکا گاندھی نے پیر کو ٹوئٹ کیا اور کہا کہ ہماری آشا بہنوں کو ڈبلیو ایچ او نے جو عزت دی ہے وہ پورے ملک کے لیے فخر کی بات ہے۔ یو پی اے حکومت نے گاؤں کے آخری فرد تک صحت کی خدمات فراہم کرنے کے لیے آشا بہنوں کی تقرری کی تھی۔ کورونا کے وقت آشا بہنوں نے اپنی فکر کیے بغیر یہ کام بے مثال طریقے سے کیا۔

ڈبلیو ایچ او نے اتوار کو ہندوستان میں 10 لاکھ آشا بہنوں کو ملک کے دیہی علاقوں میں صحت کی سہولیات فراہم کرنے اور کورونا وبا پر قابو پانے کے لیے ان کی انتھک کوششوں کے لیے اعزاز سے نوازا ہے۔ یہ آشا کارکان دیہی ہندوستان میں صحت کی دیکھ بھال فراہم کرنے والی پہلی اکائی ہیں۔ ان میں سے بیشتر آشا بہنوں نے ہندوستان میں وبائی امراض کورونا کے عروج کے دوران کورونا متاثرین کا سراغ لگانے اور ان کا علاج کرنے گھر گھر گئیں۔


ڈبلیو ایچ او کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر ٹریڈوس گیبریوسس نے اتوار کو عالمی صحت کی خدمات میں نمایاں شراکت، علاقائی صحت کے مسائل کے لیے وابستگی اور شاندار قیادت کے لیے چھ ایوارڈز کا اعلان کیا۔ ڈاکٹر ٹریڈوس نے گلوبل ہیلتھ لیڈرز ایوارڈز کے لیے ایوارڈ جیتنے والوں کا انتخاب کیا۔ آشا بہنوں کے اعزاز میں منعقد تقریب میں انہوں نے کہا کہ 'آشا' کا مطلب امید ہے۔ ہندوستان کی ان دس لاکھ سے زیادہ خواتین رضاکاروں نے کمیونٹی کو صحت کے نظام سے جوڑنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ اس لیے وہ واقعی اعزاز کی مستحق ہیں۔

ڈبلیو ایچ او کے مطابق کورونا وبا کے دوران ان کا کام بہت قابل تعریف رہا ہے۔ ان آشا بہنوں نے بچوں میں بیماریوں کو روکنے کے لیے حفاظتی ٹیکوں، زچگی کی دیکھ بھال میں بھی کام کیا ہے۔ انہوں نے کمیونٹی ہیلتھ کیئر، تپ دق کے علاج، غذائیت اور صفائی ستھرائی کے شعبے میں بھی اہم کردار ادا کیا ہے۔ خاص طور پر ایسے وقت میں جب دنیا عدم مساوات، تنازعات، غذائی عدم تحفظ اور کورونا بحران کا سامنا کر رہی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔