جوہری سرگرمیاں بڑھانے کے بل کو ایرانی پارلیمنٹ سے منظوری

ایرانی پارلیمنٹ کی قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کمیٹی نے اتوار کے روز اس بل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور اس کی تین دفعات کو منظوری دے دی۔ اس بل کی 232 ممبران نے حمایت کی جبکہ 14 نے اس کی مخالفت۔

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

تہران: ایران کی پارلیمنٹ نے ملک کے جوہری پروگرام کو مزید تیز کرنے کے بل کو منظوی دے دی ہے، جس میں ایران پر پابندیاں ختم کرنے کی حکمت عملی کا بھی خاکہ پیش کیا گیا ہے۔ یہ اعلان ایران کی پارلیمانی کمیٹی کے ترجمان ابوالفضل آموئی نے کیا ہے۔ ایرانی پارلیمنٹ کی قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کمیٹی نے اتوار کے روز اس بل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور اس کی تین دفعات کو منظوری دے دی۔ اس بل کی پارلیمنٹ میں 232 ممبران نے حمایت کی جبکہ صرف 14 نے اس کی مخالفت کی۔

ایران کے اعلی ایٹمی سائنسدان محسن فخری زادہ کے قتل کے بعد اس بل کو ملک کی جوہری سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لئے بہت اہم سمجھا جا رہا ہے۔ خیال رہے جمعہ کے روز ایران کے دماوند کاؤنٹی کے شہر ابسرد میں سینئر جوہری سائنسدان محسن فخری زادہ کو مسلح عسکریت پسندوں نے گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا۔


مذکورہ بل کے مطابق ایران اپنی یورینیم کی افزودگی کی صلاحیت میں 20 فیصد یا اس سے زیادہ اضافہ کرے گا۔ اس وقت ایران کی یورینیم کی افزودگی کی صلاحیت چار فیصد کے قریب ہے۔ واضح رہے تجربہ کار جوہری سائنسدان محسن فخری زادہ ایران کی وزارت دفاع کے مرکز تحقیق و جدت کی قیادت کر رہے تھے۔

مغربی ممالک کی خفیہ انٹیلیجنس ایجنسیوں کے مطابق فخری زادہ خفیہ طور پر چلائے جانے والے ایران کے جوہری ہتھیاروں کے پروگرام کی سربراہی کر رہے تھے۔ تاہم ایران ہمیشہ سے یہ دعوی کرتا رہا ہے کہ اس کا جوہری ہتھیاروں کا پروگرام پرامن مقاصد کے لئے ہے۔ فخری زادہ کا قتل ایک ایسے وقت میں ہوا ہے جب ایران کے جوہری پروگرام کے تحت یورینیم کی افزودگی کے حوالہ سے عالمی برادری میں تشویش پائی جاتی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔