بارہمولہ میں ایک خاتون اور اس کی دو کمسن بچیوں کی دم گھٹنے سے موت
لگتا ہے کہ ماں اور بچیوں کی موت دم گھٹنے کی وجہ سے ہوئی ہے۔ چونکہ سردیوں کا موسم ہے اس لئے لوگ بخاریوں کا استعمال کرتے ہیں۔
شمالی ضلع بارہمولہ کے بونیار اوڑی میں گزشتہ رات ایک خاتون اور اس کی دو کمسن بچیاں بظاہر دم گھٹنے کی وجہ سے فوت ہو گئی ہیں۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ بونیار اوڑی کے لاری نامی گاؤں میں اتوار کی صبح 43 سالہ شمیمہ بیگم زوجہ عبدالمجید گنائی اور اس کی دو کمسن بچیوں 13 سالہ نگہت بانو اور 9 سالہ تبسم بانو کو اپنے گھر میں مردہ پایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ تینوں کی موت بظاہر دم گھٹنے کی وجہ سے ہوئی ہے کیونکہ کمرے میں مبینہ طور پر گرمی کے لیے لکڑیاں جلائی گئی تھیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ موت کی اصل وجہ جاننے کے لئے متعلقہ پولیس تھانے میں مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ایک مقامی شخص نے بتایا: 'جب ہم یہاں پہنچے تو دیکھا کہ ماں اور اس کی دو بیٹیوں کی موت واقع ہو چکی تھی۔ ہم نے قریبی ہسپتال سے رابطہ قائم کیا لیکن وہاں سے دو گھنٹے بعد ایمبولینس گاڑی بھیجی گئی'۔
ان کا مزید کہنا تھا: 'ہمیں بھی لگتا ہے کہ ان کی موت دم گھٹنے کی وجہ سے ہوئی ہے۔ چونکہ آج سردیوں کا موسم ہے اس لئے لوگ بخاریوں کا استعمال کرتے ہیں'۔
ایک رپورٹ میں ضلع مجسٹریٹ بارہمولہ ڈاکٹر جی این ایتو کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ پولیس کی ایک ٹیم، سب ضلع مجسٹریٹ اور دیگر سرکاری عہدیداروں نے جائے واردات کا معائنہ کیا ہے۔نیز معاملے کی باریک بینی سے تحقیقات کے لئے فارنسک سائنس لیبارٹری کی ایک ٹیم نے بھی جائے واردات کا دورہ کیا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔