ایران جوہری بم بنانے کے لیے ضروری مواد کی تیاری سے محض ایک یا دو ہفتے دور، امریکہ کا دعویٰ

امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کے مطابق ایران جوہری بم بنانے کے لیے ضروری مواد کی تیاری سے محض ایک یا دو ہفتے دوری پر کھڑا ہے

امریکی وزیر خارجہ انٹنی بلنکن
امریکی وزیر خارجہ انٹنی بلنکن
user

قومی آواز بیورو

واشنگٹن: امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کے مطابق ایران جوہری بم بنانے کے لیے ضروری مواد کی تیاری سے محض ایک یا دو ہفتے دوری پر کھڑا ہے۔ تاہم انہوں نے اس معاملہ پر امریکہ کی طرف سے کسی طرح کی ممکنہ کارروائی پر بات کرنے سے گریز کیا۔ وہ سیکورٹی فورم کولوریڈا میں خطاب کر رہے تھے۔

خیال رہے کہ امریکہ میں صدارتی انتخاب محض چار ماہ کے فاصلے پر ہیں اور ایران کی یہ یہ پیش رفت انتخابات میں مسئلہ بن سکتی ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ کی مقبولیت بھی بڑھ رہی ہے جبکہ مشرق وسطیٰ میں نیتن یاہو اور اسرائیل کے بھی ایران سے غیر معمولی اختلافات ہیں۔


وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے کہا، ’’اس وقت ایران کی جوہری اہلیت کا معاملہ اور اس سے جڑی خبریں نئے ایرانی صدر مسعود پزشکیان کے انتخاب کے بعد آئی ہیں۔ جو اپنے صدر بننے کے بعد ایران کو سفارتی اور عالمی تنہائی سے نکالنا چاہتے ہیں۔ نئے ایرانی صدر نے ایرانی جوہری پروگرام کے حوالے 2015 میں 6 بڑے ملکوں کے ساتھ ہونے والے جوہری معاہدے کی بحالی کی بھی بات کی ہے۔‘‘

ان کا کہنا تھا، ‘‘ہم نے پچھلے چند ہفتوں اور مہینوں میں دیکھا ہے کہ ایران جوہری معاملے میں آگے بڑھ رہا ہے۔‘‘ واضح رہے کہ 2015 میں امریکی قیادت میں ہونے والے ایرانی جوہری معاہدے سے امریکہ 2018 میں باہر نکل گیا تھا۔ بلنکن نے ایران کی جوہری پیش قدمی کا الزام امریکہ کے معاہدے سے نکل جانے کے فیصلہ سازوں پر عاید کیا ہے۔

بلنکن نے کہا، ’’اب ایران اس سے محض ایک یا دو ہفتے کے فاصلے پر کھڑا کہ وہ ایسا جوہری مواد تیار کر لے جو ایرانی جوہری بم بنانے کے لیے ضروری ہے۔‘‘ مگر انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایران نے ابھی جوہری ہتھیار نہیں بنائے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔