روس-یوکرین جنگ: روسی فوجی یوکرین کے اہم شہر خارکیف میں داخل، سڑکوں پر لڑائی شروع

روسی افواج یوکرین کے دوسرے سب سے بڑے شہر خارکیف میں داخل ہو گئی ہیں۔ بی بی سی نے مقامی افسران کے حوالہ سے یہ اطلاع فراہم کی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

کیف: روسی افواج یوکرین کے دوسرے سب سے بڑے شہر خارکیف میں داخل ہو گئی ہیں۔ بی بی سی نے مقامی افسران کے حوالہ سے یہ اطلاع فراہم کی۔ خارکیف علاقائی انتظامیہ کے سربراہ اولیگ سنیگوبوف نے کہا کہ شہر میں ہلکی فوجی گاڑیاں داخل ہو رہی ہیں۔

بی بی سی کے مطابق سنیگوبوف کے بیان سے قبل ویڈیو فوٹیج میں روسی فوجی گاڑیوں کو شمال مشرقی شہر کی سڑکوں پر نقل و حرکت کرتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔ بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق اولیگ سنیگوبوف نے شہریوں سے گھروں کے اندر رہنے کی اپیل کی ہے اور کہا ہے کہ روسی فوجی شہر کے مرکز میں موجود ہیں۔


انہوں نے کہا کہ ’’گھروں کو مت چھوڑیئے! یوکرین کی مسلح فورسز دشمن کو ختم کر رہی ہیں۔ شہریوں کو صلاح دی جاتی ہے کہ وہ سڑکوں پر قطعی نہیں جائیں۔‘‘ خارکیف کے عہدیداران نے آج صبح مقامی لوگوں کو پناہ گاہوں اور سڑکوں سے دور رہنے کا انتباہ دیا ہے۔

قبل ازیں، شہر میں ایک زوردار دھماکہ کی آواز سنائی دی تھی، جہاں ایک گیس پائپ لائن کے زد میں آنے کی بات کہی جا رہی ہے۔ ہنگامی خدمات انجام دینے والے افراد کا کہنا ہے کہ خارکیف کے رہائشی مکانات پر بھی حملہ کیا گیا۔ بی بی سی نے بتایا کہ ایک خاتون کی مبینہ موت ہو گئی اور نو منزلہ عمارت سے درجنوں افراد کو باہر نکالا گیا ہے۔ علاقائی میئر کے مطابق شمال مشرقی یوکرین کے شہر اوخیترکا میں بھی کم از کم 6 فوجیوں کی موت واقع ہوئی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔