من کی بات: ماں اور مادری زبان زندگی کو مضبوط بنیاد فراہم کرتی ہیں، وزیر اعظم مودی
وزیراعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ ماں اور مادری زبان مل کر زندگی کو مضبوطی فراہم کرتی ہیں، کوئی بھی انسان اپنی ماں اور مادری زبان نہ چھوڑ سکتا ہے اور نہ ہی ان کے بغیر ترقی کر سکتا ہے
نئی دہلی: وزیراعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ ماں اور مادری زبان مل کر زندگی کو مضبوطی فراہم کرتی ہیں، کوئی بھی انسان اپنی ماں اور مادری زبان نہ چھوڑ سکتا ہے اور نہ ہی ان کے بغیر ترقی کر سکتا ہے۔
پی ایم مودی نے اتوار کو اپنے ماہانہ ریڈیو پروگرام ’من کی بات‘ کی 86ویں قسط میں کہا کہ ہندی ہندوستان کی اہم زبان ہے اور ہمیں اس بات پر فخر ہونا چاہیے کہ 2019 میں ہندی دنیا میں سب سے زیادہ بولی جانے والی زبانوں میں تیسرے مقام پر تھی۔ اس میں بڑی بات یہ ہے کہ ہندوستان میں 121 مادری زبانیں ہیں اور ان میں سے 14 ایسی ہیں جن میں سے ہر زبان کو ایک کروڑ سے زیادہ لوگ بولتے ہیں۔
انہوں نے کہا ’’کچھ دن پہلے ہم نے مادری زبان کا دن منایا۔ مادری زبان لفظ کہاں سے آیا، اس کی ابتدا کیسے ہوئی اس تعلق سے دانشور بہت سے تبصرے دے سکتے ہیں۔ میں تو مادری زبان کے لیے یہی کہوں گا کہ جیسے ہماری زندگی کو ہماری ماں تراشتی ہے، ویسے ہی مادری زبان بھی ہماری زندگی کو تراشتی ہے۔ ماں اور مادری زبان دونوں مل کر زندگی کی بنیاد کو مضبوط بناتی ہیں۔‘‘
وزیر اعظم مودی نے کہا کہ جس طرح ہم اپنی ماں کو نہیں چھوڑ سکتے، ویسے ہی اپنی مادری زبان کو بھی نہیں چھوڑ سکتے۔ مجھے برسوں پہلے امریکہ میں ایک تلگو کنبے سے ملاقات کا موقع حاصل ہوا، مجھے وہاں بہت خوشی ہوئی۔ اہل خانہ نے مجھے بتایا کہ ہم لوگوں نے کنبے میں یہ اصول بنا رکھا ہے کہ چاہے کتنے ہی کام کیوں نہ ہوں لیکن اگر ہم شہر سے باہر نہیں ہیں، تو کھانے کی میز پر بیٹھ کر تلگو زبان بولیں گے۔ جو بچے وہاں پیدا ہوئے تھے، ان کے لیے بھی یہی اصول تھا۔ اپنی مادری زبان سے یہ محبت دیکھ کر میں اس خاندان سے بہت متاثر ہوا۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔