دوران پرواز کورونا کی تشخیص، امریکی استانی کا جہاز کے ٹوائلٹ میں قرنطینہ!

مشی گن سے تعلق رکھنے والی ماریسا فوشیو نے شکاگو سے آئس لینڈ کا سفر شروع کیا تو انہیں شاید علم نہیں ہوگا کہ انہیں اپنا بیشتر سفر طیارے کے بیت الخلا میں اس ڈر کے ساتھ گزارنا ہو گا کہ انھیں کورونا ہے۔

پرواز کے دوران کورونا، علامتی تصویر / Getty Images
پرواز کے دوران کورونا، علامتی تصویر / Getty Images
user

قومی آواز بیورو

واشنگٹن: کورونا کا مرض کسی بھی جگہ کسی کو بھی ہو تو خوف لاحق ہونا فطری سی بات ہے لیکن اگر فضا میں بیس تیس ہزار فٹ کی بلندی پر کسی کو معلوم ہو کہ اسے کورونا ہو گیا ہے تو پھر کیا ہو؟ کچھ ایسا ہی معاملہ امریکی اسکول ٹیچر ماریسا فوشیو کے ساتھ ہوا جن کو 20 دسمبر کو امریکی شہر شکاگو سے آئس لینڈ جاتے ہوئے تقریباً پانچ گھنٹے طیارے کے بیت الخلا میں گزارنا پڑے۔

اس کی وجہ یہ تھی کہ دوران پرواز ماریسا کو محسوس ہوا کہ ان کے گلے میں خراش ہے تو انھوں نے فوراً اپنے پاس موجود ریپڈ کٹ کے ذریعے خود ہی اپنا کورونا ٹیسٹ کیا۔ تھوڑی دیر میں انھیں اس ٹیسٹ کا مثبت نتیجہ ملا جس کے بعد سوال پیدا ہوا کہ 150 افراد سے بھری اس پرواز کے دوران کیا کیا جائے؟


مشی گن سے تعلق رکھنے والی ماریسا فوشیو نے شکاگو سے آئس لینڈ کا سفر شروع کیا تو انہیں شاید علم نہیں ہو گا کہ انہیں اپنا بیشتر سفر طیارے کے بیت الخلا میں اس ڈر کے ساتھ گزارنا ہو گا کہ انھیں کورونا وائرس ہے۔ امریکی شہر مشی گن سے تعلق رکھنے والی اسکول ٹیچر کے مطابق یہ ان کی زندگی کا ایک عجیب و غریب تجربہ تھا۔ انھوں نے این بی سی نیوز کو بتایا کہ جب انھیں یہ معلوم ہوا کہ انھیں کووڈ ہوا ہے تو ان کا سب سے بڑا ڈر یہ تھا کہ طیارے میں موجود دوسرے مسافروں کو ان سے کیسے محفوظ رکھا جائے۔

اس خطرے کے پیش نظر انھوں نے طیارے کے بیت الخلا کا رخ کیا اور اگلے پانچ گھنٹے یعنی جب تک طیارہ منزل پر اتر نہیں گیا، وہیں پر گزارے۔ ماریسا نے طیارے کے ٹوائلٹ سے ایک ویڈیو بھی بنائی جسے ٹک ٹاک کے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر شیئر کیا گیا۔ اس ویڈیو کو اب تک چالیس لاکھ بار دیکھا جا چکا ہے۔


ماریسا کے مطابق آئس لینڈ پہنچنے کے بعد انھیں ریڈ کراس کے ایک ہوٹل میں خود کو قرنطینہ کرنا پڑا۔ اب تک یہ واضح نہیں کہ آیا اس پرواز سے پہلے ماریسا اور دیگر مسافروں کو کورونا ٹیسٹ مہیا کرنے کی شرط تھی یا نہیں۔ ماریسا نے جس طریقے سے کورونا وائرس کی تشخیص کے بعد ذمہ داری کا مظاہرہ کیا، طیارے کے اسٹاف نے بھی ان کا اتنا ہی خیال رکھا۔ کسی طیارے میں دوران پرواز کورونا کی تشخیص اور بیت الخلا میں قرنطینہ کا شاید یہ ایک منفرد واقعہ ہے جو ماریسا کو ہمیشہ یاد رہے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔