ایک قینچی کی وجہ سے ایئرپورٹ پر افراتفری، 36 پروازیں منسوخ، 200 تاخیر کا شکار

جاپان کے مشہور ترین ہوائی اڈے نیو چٹوز میں ایک قینچی غائب ہونے کی وجہ سے افراتفری پھیل گئی۔ سیکورٹی خدشات کے پیش نظر حکام نے 36 پروازیں منسوخ کر دیں، جبکہ 200 سے زائد پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں

<div class="paragraphs"><p>سوشل میڈیا</p></div>

سوشل میڈیا

user

قومی آوازبیورو

ٹوکیو: جاپان کے مشہور ترین ہوائی اڈے نیو چٹوز میں ایک قینچی غائب ہونے کی وجہ سے افراتفری پھیل گئی۔ سیکورٹی خدشات کے پیش نظر حکام کی جانب سے 36 پروازیں منسوخ کر دی گئیں، جبکہ 200 سے زائد پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں۔ کئی مسافروں کو ائیرپورٹ کے اندر داخلہ بھی نہیں مل سکا۔ جاپان کا یہ ایئرپورٹ سخت سیکورٹی پروٹوکول کے لیے مشہور ہے۔

رپورٹ کے مطابق ہفتہ کے روز ایک ریٹیل آؤٹ لیٹ نے قینچی غائب ہونے کی اطلاع دی تھی۔ اس کے بعد تلاشی کی کارروائی شروع کر دی گئی۔ اس دوران ایئرپورٹ میں آنے والے مسافروں کی سیکورٹی جانچ کم از کم دو گھنٹوں کے لئے معطل کر دی گئی۔

بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق، سیکورٹی جانچ کی معطلی کے نتیجے میں ہوائی اڈے پر بہت زیادہ بیک لاگ اور لمبی قطاریں لگ گئیں۔ کئی مسافروں کو ایئرپورٹ سے واپس بھیج دیا گیا۔ یہ اقدامات بھاری ہجوم کے پیش نظر اٹھائے گئے۔ کئی متاثرہ مسافروں نے اپنی مایوسی کا اظہار کیا۔


تاہم گمشدہ قینچی اسی دکان سے ملی تھی جہاں سے وہ غائب ہوئی تھی۔ جاپانی نشریاتی ادارے این ایچ کے کے مطابق قینچی ملنے کے بعد بھی حکام نے اس بات کی تصدیق نہیں کی کہ آیا یہ وہی لاپتہ قینچی تھی یا نہیں؟ وزارت سیاحت نے اس معاملے کی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔

ہوائی اڈے کے ایک نمائندے نے بی بی سی کو بتایا، ’’ہمیں معلوم ہے کہ یہ ایک ایسا واقعہ ہے جس کا تعلق ہائی جیکنگ یا دہشت گردی سے بھی ہو سکتا ہے اور ہم ایک بار پھر انتظامیہ کی مکمل آگاہی کو یقینی بنانے کے لیے کام کریں گے۔‘‘ یاد رہے کہ ہوکائیڈو نیو چیوز ایئرپورٹ 1988 میں کھولا گیا تھا۔ یہ جاپان کے مصروف ترین ہوائی اڈوں میں سے ایک ہے۔ 2022 میں ہوائی اڈے نے 15 ملین سے زیادہ مسافروں کا استقبال کیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔