اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے زخمی بچہ شہید، امسال فلسطینی شہدا کی تعداد 165 ہوگئی
12 سالہ معصوم محمود سامودی کی شہادت کے بعد رواں سال کے دوران اب تک فلسطینی شہداء کی تعداد 165 ہو گئی ہے۔
فلسطینی وزارت صحت نے منگل کو فلسطینی 12 سالہ بچے محمود سامودی کی موت کا اعلان کر دیا، محمود کو 28 ستمبر کو صہیونی قابض فوج نے جنین شہر اور مہاجر کیمپ پر دھاول بول کر شدید زخمی کر دیا تھا۔ اس دن اسرائیلی فوجیوں سے چھڑپوں میں 4 فلسطینی نوجوان شہید اور 44 زخمی ہوگئے تھے۔
12 سالہ معصوم محمود سامودی کی شہادت کے بعد رواں سال کے دوران اب تک فلسطینی شہداء کی تعداد 165 ہو گئی ہے۔ دریں اثنا اسرائیلی فوجیوں اور یہودی آباد کاروں کے الخلیل کے مرکز میں حملوں میں متعدد فلسطینی زخمی ہوگئے ہیں۔
مقامی ذرائع نے بتایا کہ سفاک اسرائیلی فوجیوں کی حفاظت میں مسلح آباد کاروں نے تل الرمیدہ اور الشہداء اسٹریٹ کے پڑوس میں شہریوں پر حملہ کیا۔ آباد کاروں نے فلسطینی شہریوں پر پتھر اور خالی بوتلیں پھینکیں اور ان پر کالی مرچ گیس کا چھڑکاؤ کیا جس سے 8 فلسطینی زخمی ہوگئے۔
سلفیت گورنری کے مغرب میں بدیہ قصبے کے مغرب میں واقع خلۃ حسان میں زیتون چننے کے دوران آباد کاروں نے ایک خاندان پر حملہ کرکے دو فلسطینیوں کو زخمی کر دیا۔ اسرائیلی فوج نے مقبوضہ بیت المقدس کے شمال مشرق کے مضافاتی علاقے السلام میں بھی دھاوا بولا اور دو فلسطینیوں کو زخمی کر دیا۔ رام اللہ میں اسرائیلی فوج نے چار فلسطینیوں کو گرفتار کر لیا ہے۔
(بشکریہ العربیہ ڈاٹ نیٹ)
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔