جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ ہوں گے ملک کے اگلے چیف جسٹس، سی جے آئی یو یو للت نے کی سفارش
چیف جسٹس آف انڈیا یو یو للت نے منگل کے روز مرکزی حکومت سے جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ کو اپنا جانشین بنانے کی سفارش کی۔ تقرری کے بعد جسٹس چندر چوڑ ہندوستان کے 50 ویں چیف جسٹس بن جائیں گے
نئی دہلی: چیف جسٹس آف انڈیا یو یو للت نے منگل کے روز مرکزی حکومت سے جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ کو اپنا جانشین بنانے کی سفارش کی۔ تقرری کے بعد جسٹس چندر چوڑ ہندوستان کے 50 ویں چیف جسٹس بن جائیں گے۔ وہ 10 نومبر 2024 کو ریٹائر ہوں گے۔
جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ 1998 میں ایڈیشنل سالیسٹر جنرل آف انڈیا کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔ انہوں نے 2013 میں الہ آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کے عہدے کا حلف اٹھایا تھا۔ وہ بمبئی ہائی کورٹ سے بھی وابستہ رہے ہیں اور انہیں 2016 میں سپریم کورٹ کے جج کے طور پر ترقی دی گئی تھی۔
سپریم کورٹ کی روایت کے مطابق عام حالات میں سینئر ترین جج کو چیف جسٹس بنانے کی روایت رہی ہے۔ اس سلسلے میں جسٹس للت کے بعد جسٹس چندر چوڑ آتے ہیں۔ جسٹس للت کو اپنے جانشین کے نام کی سفارش کرنے کے لئے مرکزی حکومت کی وزارت قانون و انصاف نے 7 اکتوبر کو ایک خط بھیجا تھا۔ جس کے جواب میں انہوں نے جسٹس چندرچوڑ کے نام کی سفارش کی۔
جسٹس للت نے 27 اگست 2022 کو ہندوستان کے 49 ویں چیف جسٹس کے طور پر حلف لیا تھا۔ وہ 74 دنوں کی اپنی مختصر مدت کار کے بعد 8 نومبر 2022 کوریٹائر ہونے والے ہیں۔
(یو این آئی ان پٹ کے ساتھ)
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔