لادن کی بہو اور القاعدہ کا لیڈر ایران میں اسرائیلی جاسوسوں کے ہاتھوں قتل! امریکی اخبار کا دعویٰ
ایک امریکی عہدے دار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر روئٹرز سے گفتگو میں امریکی اخبار کی خبر یا القاعدہ رہنما کی ہلاکت میں امریکہ کے ملوث ہونے کی تصدیق سے صاف انکار کر دیا ہے۔
واشنگٹن: القاعدہ تنظیم میں دوسرے نمبر کے لیڈر کی حیثیت رکھنے والے ابو محمد المصری عرف عبد اللہ احمد عبد اللہ کو قتل کیے جانے کی اطلاع ہے۔ امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے ایک رپورٹ میں انٹیلی جنس اہلکار کے حوالے سے لکھا ہے کہ 1998 میں افریقہ میں امریکی سفارت خانوں پر بم حملوں میں مدد دینے کے ملزم اور القاعدہ کے دوسرے نمبر کے رہنما عبد اللہ احمد عبد اللہ کو اگست میں ایران میں امریکی ایما پر کام کرنے والے اسرائیلی ایجنٹوں کے ہاتھوں ہلاک کر دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : عیدِ چراغاں: دنیا کے کئی ملکوں میں دیوالی کی دھوم
ہفتے کے روز امریکی اخبار نیویارک ٹائمز میں شائع ہونے والی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ عبدالله احمد عبدالله 7 اگست کو تہران کی سڑک پر دو مسلح افراد کے ہاتھوں فائرنگ کا نشانہ بنا، دونوں افراد موٹر سائیکل پر سوار تھے۔ معلومات کے مطابق المصری اپنی بیٹی مریم سمیت مارا گیا جو حمزہ بن لادن (اسامہ بن لادن کا بیٹا) کی بیوہ تھی۔
رپورٹ میں 4 با خبر ذمے داران کے حوالے بتایا گیا ہے کہ اس حملے کی منصوبہ بندی امریکہ نے کی اور اس پر عمل درامد اسرائیل کی جانب سے کیا گیا۔ القاعدہ تنظیم نے المصری کی ہلاکت کا اعلان نہیں کیا ہے۔ دوسری جانب ایران نے ہفتے کو کہا ہے کہ امریکی اخبار نیو یارک ٹائمز کی القاعدہ رہنما کی تہران میں ہلاکت کے حوالے سے رپورٹ 'گھڑی ہوئی' اطلاعات پر مبنی ہے۔ ایران نے گروپ سے تعلق رکھنے والے کسی رکن کی ایران میں موجودگی کی تردید کی ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’’ایران کے دشمن امریکہ اور اسرائیل جھوٹ بول کر اور میڈیا کو گھڑی ہوئی اطلاعات فراہم کر کے علاقے میں القاعدہ اور دوسرے دہشت گرد گروپوں کی سرگرمیوں کی ذمہ داری دوسروں پر ڈالنے اور ایران کو ایسے گروپوں کے ساتھ جوڑنے کی کوشش کرتے ہیں۔‘‘
یاد رہے کہ 58 سالہ المصری القاعدہ کے بانی ارکان میں شمار ہوتا ہے۔ امریکہ نے المصری کو کینیا اور تنزانیا میں اپنے سفارت خانوں پر ہونے والے دھماکوں سے متعلق جرائم کا ذمے دار ٹھہرایا تھا۔ ان حملوں میں 224 افراد ہلاک اور سیکڑوں زخمی ہوئے تھے۔ امریکی وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی نے المصری تک پہنچنے میں مدد گار ثابت ہونے والی معلومات فراہم کرنے پر ایک کروڑ ڈالر کے انعام کا اعلان کر رکھا ہے۔ گزشتہ روز جمعے تک المصری کی تصویر امریکہ کو مطلوب افراد کی فہرست میں شامل تھی۔ ایک امریکی عہدے دار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر روئٹرز سے گفتگو میں امریکی اخبار کی خبر یا القاعدہ رہنما کی ہلاکت میں امریکہ کے ملوث ہونے کی تصدیق سے انکار کر دیا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 14 Nov 2020, 4:11 PM