دنیا بھر میں طبی عملے کے 22 ہزار کارکن کورونا وبا کا شکار: عالمی ادارہ صحت
چین میں کورونا کے پہلے مریض کے سامنے آنے کے 134 دن اور مشرق وسطیٰ میں پہلے مریض کے 105 دن بعد تازہ صورت حال پر بات کرتے ہوئے ڈاکٹر المنظری نے کہا کہ کورونا سے لگ بھگ چار ملین افراد متاثر ہوچکے ہیں۔
قاہرہ: عالمی ادارہ صحت کے ریجنل ڈائریکٹر ڈاکٹر احمد بن سالم المنظری نے کل منگل کو قاہرہ میں تنظیم کے علاقائی دفتر کورونا کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے انکشاف کیا کہ اب تک پوری دنیا میں طبی عملے کے 22 ہزار کارکن کورونا کا شکار ہوچکے ہیں۔ چین میں کورونا کے پہلے مریض کے سامنے آنے کے 134 دن اور مشرق وسطیٰ میں پہلے مریض کے 105 دن بعد تازہ صورت حال پر بات کرتے ہوئے ڈاکٹر المنظری نے کہا کہ کورونا سے لگ بھگ چار ملین افراد متاثر ہوچکے ہیں۔
المنظری نے بتایا کی پوری دنیا میں صحت کے شعبے کے 50 ملین کارکن کورونا کے خلاف کام کر رہے ہیں۔ ان میں سے تین لاکھ 50 ہزار کارکن مشرق وسطیٰ کے ممالک میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس وقت دنیا کے 52 ممالک میں طبی عملے کے 22 ہزار کارکن کورونا کا شکار ہوچکے ہیں۔ ان میں سے 90 فی صد کارکن اسپتالوں اور طبی مراکز میں کورونا کا شکار ہوئے۔ مشرق وسطیٰ کے ممالک میں کورونا کے متاثرین میں ایک سے 20 فی صد طبی عملے کے کارکن شامل ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں ڈبلیو ایچ او کے عہدیدار نے کہا کہ جن ممالک نے کورونا کی وجہ سے مکمل لاک ڈاؤن کیا انہیں حفاظتی تدابیر کے لیے وقت مل گیا اور ساتھ ہی وبا کو مزید پھیلنے سے بھی روک دیا گیا۔ کورونا کی ویکسین کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں اس وقت 100 اقسام کی ویکسین کی تیاری پر کام ہو رہا ہے۔ ان میں سے 8 ویکسین پر تجربات جاری ہیں تاہم فی الحال انہیں عام لوگوں کے لیے استعمال نہیں کیا جا رہا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔