ممبئی میں کورونا سے متاثرہ بچوں میں پُر اسرار بیماری کی علامات! ڈاکٹروں میں تشویش
اس بیماری کا انکشاف سب سے پہلے جاپانی بچوں کے امراض کے ماہر ٹیسسکو کاوا ساکی نے کیا تھا۔ اس بیماری میں مبتلا مریضوں میں بخار، جلد پر سرخ دھبے، آنکھوں کی سرخی، تھکان اور دست جیسی علامات ظاہر ہوتی ہیں
ممبئی: کورونا وائرس کے بعد ممبئی میں اب ایک پُر اسرار بیماری کا پھیلاؤ پایا جا رہا ہے۔ ممبئی کے واڈیا اسپتال میں داخل تقریباً 100 کورونا پازیٹو بچوں میں سے 18 میں پیڈیا ٹرک ملٹی سسٹم انفلیمیٹری سنڈروم، کاوا ساکی نامی بیماری کی علامات نظر آ رہی ہیں، جس نے ڈاکٹروں میں تشویش پیدا کر دی ہے۔ اس بیماری کا انکشاف سب سے پہلے جاپانی بچوں کے امراض کے ماہر ٹیسسکو کاوا ساکی نے کیا تھا۔ اس بیماری میں مبتلا مریضوں میں بخار، جلد پر سرخ دھبے، آنکھوں کی سرخی، تھکان اور دست جیسی علامات ظاہر ہوتی ہیں اور اگر ٹھیک سے علاج نہ ہو تو یہ مرض مہلک بھی ثابت ہو سکتا ہے۔
واڈیا چلڈرن اسپتال میں میڈیکل ڈائریکٹر ڈاکٹر شکنتلا پربھو نے کہا، ’’دو بچوں کی موت ہوئی ہے۔ ایک بچہ کینسر کے ساتھ ساتھ کووڈ 19 سے بھی متاثر ہے اور ان میں سے ایک بچہ جو ہمارے پاس آیا تھا اس کی حالت نازک تھی۔ دو ہفتوں سے وہ بیماری میں مبتلا تھا۔ مریض کو وینٹی لیٹر پر رکھا گیا اور چھ گھنٹے میں اس کی موت ہو گئی کیوں کہ ہمیں اس کے ساتھ زیادہ وقت نہیں ملا۔‘‘ انہوں نے کہا کہ چار بچے ابھی صحتیاب ہو رہے ہیں اور بقیہ کو فارغ کر دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : برق گرتی ہے تو بیچارے مسلمانوں پر... سید خرم رضا
ایس آر سی سی چلڈرن اسپتال کے بچوں کے امراض کے ماہر اور کریٹیکل کیئر سوسائٹی کے سکریٹری ڈاکٹر امیش وورا نے بیماری کی کچھ علامات کے بارے میں بتایا ہے۔ اس بیماری میں مبتلا مریض کو پیٹ درد کے ساتھ ساتھ دو سے تین دنوں تک بخار رہتا ہے۔ دست کی شکایت ہوتی ہے، الٹی لگتی ہے، آنکھیں سرخ ہو جاتی ہیں۔ کچھ مریضوں کے آبلے پڑ جاتے ہیں اور جلد پر سرخ دھبے نظر آنے لگتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس بات پر توجہ دینے کی ضرورت ہے کہ اگر ایسی علامات نظر آئیں تو ڈاکٹر سے رابطہ قائم کریں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔