کورونا وائرس کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے دہلی حکومت ہر ماہ کرائے گی سروے
پہلے سیرو سروے میں دہلی کی 23.48 فیصد آبادی کے کورونا کی زد میں آنے کا انکشاف ہوا۔ یہ سروے 27 جون سے 10 جولائی کے بیچ ہوا تھا۔ یہ سروے نیشنل سینٹر فار ڈسیز سینٹر اور دہلی حکومت نے مل کر کیا تھا
نئی دہلی: دہلی میں کورونا وائرس (کووڈ۔19) کا کمیونٹی پھیلاؤ ہوا ہے اور ریاستی حکومت ہر ماہ وبا کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے سیرو سروے کرائے گی۔ کورونا سے جنگ جیت کر پھر سے وزارت صحت کا کام کاج سنبھالنے کے بعد آج وزیر صحت ستیندر جین نے نامہ نگاروں سے کہا کہ دہلی میں کورونا وائرس کا کمیونٹی پھیلاؤ ہوا ہے۔
ستیندر جین نے دہلی میں کورونا وائرس کے کل مرکزی وزارت صحت کی جانب سے جاری پہلے سیرو سروے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ دہلی کی ایک چھوٹی آبادی اس وبا سے متاثر اور صحتیاب بھی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کے پھیلاؤ کا جائزہ لینے کے لئے ہر ماہ سیرو سروے کرایا جائے گا۔ اگلا سروے یکم سے پانچ اگست تک ہوگا۔
پہلے سیرو سروے میں دہلی کی 23.48 فیصد آبادی کے کورونا کی زد میں آنے کا انکشاف ہوا۔ یہ سیرو سروے 27 جون سے 10 جولائی کے بیچ ہوا تھا۔ یہ سروے نیشنل سینٹر فار ڈسیز سینٹر اور دہلی حکومت نے مل کر کیا تھا۔ اس سروے میں یہ انکشاف ہوا ہے کہ دہلی میں زیادہ تر متاثرین میں کورونا کے علامات نہیں پائے گئے تھے۔
اس سروے کے نتائج سے پتہ چلتا ہے کہ دہلی میں اوسطاً 23.48 فیصد لوگوں میں آئی جی جی یعنی ’امیونوگلوبلین جی اینٹی باڈیز‘ پائے گئے ہیں۔ کرونا وائرس سے متاثرہ افراد میں یہ اینٹی باڈی عام طور پر وائرس کے تقریباً دو ہفتوں کے بعد پایا جاتا ہے اور وہ کورونا وائرس سے صحتمند ہونے کے بعد بھی رہتا ہے۔ سروے میں دہلی کے لوگوں کے تعاون کی بھی تعریف کی گئی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔