یوپی کے لکھیم پور کھیری میں 'کورونا دھماکہ'! 38 اسکولی لڑکیوں کی رپورٹ مثبت
سی ایم او نے کہا کہ تمام طالبات اور عملے کو کیمپس میں سات دن کے لئے قرنطینہ میں رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے اور دوائیوں کی کٹ فراہم کی گئی ہے۔ دو طالبات کے علاوہ سب کی حالت ٹھیک ہے۔
اتر پردیش کے لکھیم پور کھیری ضلع کے میتولی بلاک میں کستوربا رہائشی اسکول کی 38 طالبات میں کووڈ-19 انفیکشن کی تصدیق ہوئی ہے۔ ایک ضلعی صحت افسر نے یہ اطلاع دی۔ لکھیم پور کھیری کے چیف میڈیکل آفیسر (سی ایم او) سنتوش گپتا نے کہا کہ اتوار کو عملے کا ایک رکن بھی کووڈ پازیٹیو پایا گیا۔ اس سال ریاست کے کسی ایک ضلع میں ایک دن میں سب سے زیادہ نئے معاملے رپورٹ ہوئے ہیں۔
سنتوش گپتا (جنہوں نے کستوربا اسکول میں ایک طبی ٹیم بھیجی) نے کہا کہ اسکول سے تمام 92 معاملوں کے نمونے جانچ کے لیے بھیجے گئے ہیں۔ ان میں سے 38 کی رپورٹ مثبت آئی ہے۔ سی ایم او نے کہا کہ تمام طالبات اور عملے کو کیمپس میں سات دن کے لئے قرنطینہ میں رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے اور دوائیوں کی کٹ فراہم کی گئی ہے۔ دو طالبات کے علاوہ سب کی حالت ٹھیک ہے۔ انہوں نے کہا کہ کووڈ پازیٹیو پائے جانے والوں کو اسکول کے احاطے میں ایک علیحدہ ونگ میں رکھا گیا ہے۔
موتی پور میں ماں اور بچہ ونگ سے کہا گیا ہے کہ وہ کیمپس میں طلباء اور عملے کے درمیان کسی بھی طبی ضرورت کے لیے 20 بستر تیار رکھیں۔ سنتوش گپتا نے کہا، میں نے طالبات سے بات کی اور انہیں ہر طرح کی مدد کا یقین دلایا۔ ہم صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کستوربا اسکول میں کسی بھی ہنگامی صورتحال کے لیے ایک ایمبولینس بھی تعینات کی گئی ہے۔ اس کے ساتھ ہی 23 مارچ سے ضلع میں فعال کووڈ معاملوں کی تعداد بڑھ کر 41 ہو گئی ہے۔
23 مارچ کو میتولی بلاک کے کستوربا رہائشی اسکول کی ایک طالبہ کا کووڈ-19 ٹسٹ مثبت آیا تھا۔ پھر، پچھلے کچھ دنوں میں بہزم بلاک کے ایک بزرگ اور میتولی بلاک کے ایک اور شخص کی رپورٹ بھی مثبت پائی گئی۔ دریں اثنا، ضلع مجسٹریٹ، لکھیم پور کھیری، مہندر بہادر سنگھ نے کہا کہ تمام احتیاطی تدابیر کو یقینی بنایا گیا ہے جس میں میڈیکل کٹس فراہم کرنا، سینیٹائزیشن وغیرہ شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ کووڈ-19 پروٹوکول پر سختی سے عمل کریں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔