کورونا بحران: انفیکشن کے بعد ٹیکہ نہ لگوانے والوں کو زیادہ خطرہ، تحقیق میں انکشاف
سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریونشن کنٹرول نامی رپورٹ میں سائنسدانوں نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ویکسین کے انجیکشن ضرور لگوا لیں کیونکہ تیزی سے پھیل رہے ڈیلٹا ویرینٹ کا خطرہ بڑھ رہا ہے۔
نئی دہلی: کورونا وائرس کی ویکسین لوگوں کو قوت مدافعت میں اضافہ کے حوالہ سے مدگار ثابت ہو رہی ہے۔ ایک تحقیق میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ کورونا وائرس کی بیماری سے شفایاب ہونے کے بعد جو لوگ ٹیکہ نہیں لگوا رہے ہیں ان انفیکشن میں دوبارہ مبتلا ہونے کا خطرہ دوگنا بڑھ جاتا ہے۔
سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریونشن کنٹرول نامی رپورٹ میں سائنسدانوں نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ویکسین کے انجیکشن ضرور لگوا لیں کیونکہ تیزی سے پھیل رہے ڈیلٹا ویرینٹ کا خطرہ بڑھ رہا ہے۔ اس سے ان لوگوں کو بھی خطرہ ہے جو پہلے سے کورونا کی زد میں آ چکے ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس بات کے ثبوت ملے ہیں کہ ویکسین سے لوگوں کی قدرتی قوت مدافعت مضبوط ہو رہی ہے اور وائرس کے اس ویرینٹ کے خلاف لوگوں کو تحفظ حاصل ہو رہا ہے۔
سی ڈی سی کے ڈائریکٹر روشیل والینسکی نے کہا کہ اگر آپ پہلے متاثر ہو چکے ہیں تو ویکسین ضرور لگوا لیں۔ ویکسین لگوانا اپنی اور اپنے ارد گرد کے لوگوں کی سلامتی کا سب سے بہتر طریقہ ہے اور یہ خاص طور پر اس لئے بھی ضروری ہے کیونکہ ملک میں کورونا وائرس کا ڈیلٹا ویرینٹ تیزی سے پھیل رہا ہے۔
نئے ویرینٹ سے دوبارہ انفیکشن ہونے کے حوالہ سے معلومات ابھی پوری نہیں ہے لیکن یو ایس ہیلتھ افسران نے برطانیہ کے اعدادوشمار سے اس بات کا امکان ظاہر کیا ہے کہ ڈیلٹا ویرینٹ سے دوبارہ انفیکشن پھیلنے کا خطرہ زیادہ ہے۔ اگر آپ گزشتہ چھ مہینے میں کورونا سے متاثر ہوئے ہیں تو الفا ویرینٹ کے مقابلہ اس ویرینٹ سے دوبارہ متاثر ہونے کا خطرہ زیادہ ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔