دہلی میں منکی پوکس کا ایک اور مشکوک معاملہ، مریض میں علامات ظاہر، کئی ریاستوں میں ہائی الرٹ

قومی راجدھانی دہلی میں منکی پوکس کا ایک اور مشکوک معاملہ منظر عام پر آیا۔ مریض میں اس بیماری کی علامات ظاہر ہونے کے بعد نمونے جانچ کے لئے بھیجے گئے ہیں۔

منکی پوکس، فائل تصویر آئی اے این ایس
منکی پوکس، فائل تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: ملک میں منکی پوکس بیماری کے بڑھ رہے خطرہ کے درمیان قومی راجدھانی دہلی میں ایک اور مریض میں اس بیماری کی علامات ظاہر ہوئی ہیں۔ منکی پوکس کے اس مشکوک مریض کے نمونے جانچ کے لئے بھیجے گئے ہیں، جانچ کی رپورٹ کا انتظار کیا جا رہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق مریض کی جلد پر چکتے اور زخم نظر آ رہے ہیں اور اسے تیز بخار ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ مریض بیرون ملک سفر سے لوٹا ہے۔ خیال رہے کہ اس سے قبل ملک بھر میں منکی پوکس کے 4 مریضوں کی تصدیق کی جا چکی ہے۔ 3 کیسز کیرالہ سے رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ ایک مریض راجدھانی دہلی میں پایا گیا ہے۔


حال ہی میں راجدھانی دہلی میں منکی پوکس کے پہلے اور ملک کے چوتھے مریض کی تصدیق کی گئی تھی۔ مریض کو بخار اور جلد پر سرخ نشانات ظاہر ہونے کے بعد اسے اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ حیران کن بات یہ کہ اس مریض نے بیرون ملک کا سفر نہیں کیا ہے۔ تاہم ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مریض حال ہی میں ہماچل پردیش میں منعقدہ ایک اسٹیج پارٹی میں شامل ہوا تھا۔

منکی پوکس کے معاملے سامنے آنے کے بعد مرکزی وزارت صحت کی ہدایات پر کئی ریاستی حکومتوں نے الرٹ جاری کیا ہے۔ کیرالہ، دہلی، اتر پردیش اور بہار سمیت کئی ریاستوں نے اس حوالہ سے تیاری شروع کر دی ہے۔ پٹنہ میں ایک مشتبہ مریض پائے جانے کے بعد بہار کے وزیر صحت منگل پانڈے نے تمام اضلاع کے سول سرجن اور میڈیکل کالج اسپتالوں کے ساتھ ورچوئل میٹنگ کر منکی پوکس سے متعلق ضروری ہدایات جاری کیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔