فٹ بال: جمشید پور کا آئی ایس ایل کی تاریخ میں حیدرآباد کے خلاف چوتھا میچ بھی ڈرا

حیدر آباد کو ساتویں سیزن میں چھٹی بار ڈرا کھیلنا پڑا اور ٹیم اب 18 پوائنٹ کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔ جبکہ جمشید پور کا یہ پانچواں ڈرا ہے اور ٹیم اب 14 پوائنٹ کے ساتھ ساتویں نمبر پر پہنچ گئی ہے۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

واسکو: جمشید پور ایف سی نے ہیرو انڈین سپر لیگ (آئی ایس ایل) میں حیدر آباد ایف سی کے خلاف اپنا جیت کا سلسلہ جاری رکھا ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان اتوار کو یہاں واسکو کے تلک میدان اسٹیڈیم میں کھیلے گئے لیگ کے ساتویں سیزن کا 69 واں میچ گول کے بغیر ڈرا رہا۔ جمشید پور کا آئی ایس ایل کی تاریخ میں حیدرآباد کے خلاف یہ چوتھا میچ تھا اور چاروں میچوں میں وہ اب تک غیر مفتوح رہا ہے۔ حیدر آباد کو ساتویں سیزن میں 13 میچوں میں چھٹی بار ڈرا کھیلنا پڑا ہے اور ٹیم اب 18 پوائنٹ کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔ نظامس کی ٹیم اس سیزن میں گزشتہ پانچ میچوں سے غیر مفتوح ہے۔ جمشید پور کا 13 میچوں میں یہ پانچواں ڈرا ہے اور ٹیم اب 14 پوائنٹ کے ساتھ ساتویں نمبر پر پہنچ گئی ہے۔

حیدر آباد نے شروع سے ہی جارحانہ شروعات کی اور نویں منٹ میں ہی وہ گول کرنے کے قریب پہنچ گئی۔ جوئل چیانیز کو باکس کے سینٹر سے ایریڈین سنٹانا سے ایک پاس ملا، لیکن گول کیپر ٹی پی رہینیش نے چیانیز کے شاٹ کو ناکام بنا دیا۔ نظامس نے اگرچہ اس کے بعد بھی جمشید پور پر دباؤ بنانا جاری رکھا۔ اسی سلسلے میں 21 ویں منٹ میں بھی حالی چرنرزارے اپنے ساتھ چیانیز کے آسسٹ پر موقع گنوا بیٹھے اور رہینیش کو تیسری بار دفاع کرنا پڑا۔ 23 ویں منٹ میں میچ کا پہلا پیلا کارڈ حیدر آباد کے ہتیش شرما کو دیا گیا۔


اس کے بعد آسٹریلین فارورڈ چیانیز کے آسسٹ پر شاٹ لگایا، جسے اے جے نے بلاک کردیا۔ 38 ویں منٹ میں مین آف دی اسٹیل کے فاروق چودھری کا شاٹ وائڈ رہ گیا۔ اس کے بعد آخری پانچ منٹ میں بھی دونوں ٹیمیں لیڈ نہیں لے پائی اور پہلا ہاف گول کے بغیر ختم ہوا۔ آئی ایس ایل کی تاریخ میں حیدر آباد کے خلاف اب تک ناقابل تسخیر چل رہی جمشید پور کے لئے دوسرا ہاف کافی اہم ہونے والا تھا، کیونکہ نظامس کی ٹیم نے سیزن میں اپنے اب تک کے اپنے 16 میں سے 12 گول دوسرے ہاف میں ہی داغے جبکہ مین آف دی اسٹیل نے 17گول دوسرے ہاف میں کھائے ہیں۔

اکیاون ویں منٹ میں جمشید پور کے پیٹر ہارٹرلے کو پیلا کارڈ دکھایا گیا۔ ان کا یہ چوتھا یلو کارڈ تھا اور اب اس کے سبب وہ اگلے میچ میں نہیں کھیل پائیں گے۔ 68 ویں منٹ میں میچ میں پہلی تبدیلی دیکھنے کو ملی۔ حیدر آباد نے آئی ایس ایل میں ڈیبیو کرنے والے رولینڈ البرگ کی جگہ ساحل ٹیوورو کو میدان پر بلایا۔ اس کے اگلے منٹ ہی اووین کائلے کی جمشید پور نے لگاتار دو تبدیلیاں کیں۔ 78 ویں منٹ میں حیدر آباد کے سنٹانا ٹیم کا کھاتہ کھولنے کے قریب تھے لیکن اس بار وہ سیٹ پیس پر چوک گئے۔ 81 ویں منٹ میں حیدر آباد نے چیانیز کی جگہ سینڈزا کو اندر کیا۔ اس کے بعد مقررہ وقت تک بھی دونوں ٹیمیں اپنا کھاتہ نہیں کھول پائیں اور مقابلہ انجری ٹائم میں چلا گیا۔ جمشید پور نے انجری ٹائم میں بھی اپنا ڈیفنس مضبوط رکھتے ہوئے آئی ایس ایل میں حیدر آباد کے خلاف اپنا غیر مفتوح کا سلسلہ جاری رکھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔