’میری رگوں میں آپ کا خون ہے، میں اس کا پورا استعمال کرونگی‘ سوشانت سنگھ کی بھانجی

کاتیانی نے لکھا کہ آپ نے مجھ سے ایک بار کہا تھا کہ حقیقت میں ہم کبھی نہیں مرتے اور میں آپ کی بات پر یقین کرنا چاہتی ہوں، لیکن یہ دن بدن میرے لئے مشکل تر ہوتا جا رہا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: بالی ووڈ اداکار سوشانت سنگھ راجپوت کی موت کو دو ماہ گزر چکے ہیں اور سپریم کورٹ کی طرف سے معاملہ کی تحقیقات سی بی آئی کے حوالے کی جا چکی ہے۔ اسی اثنا میں سوشانت سنگھ راجپوت کی بھانجی کاتیانی آریہ راجپوت نے ایک جذباتی پوسٹ لکھی ہے۔ کاتیانی نے لکھا، ’’گلشن ماما میں آپ کو کائنات سے بھی زیادہ پیار کرتی ہوں۔ آپ پہلے بھی اور اب بھی میرے لئے سب سے زیادہ قیمتی شخص ہیں۔ میں نے ہمیشہ سوچا تھا کہ مستقبل میں کسی وقت کبھی کبھی ہم آسمان کی طرف دیکھیں گے اور حقیقت میں تصوف پر گفتگو کریں گے۔

کاتیانی نے مزید لکھا، ’’زندگی کے بارے میں آپ کی باتیں ہمیشہ مجھے مسحور کر دیتی ہیں اور آپ نے مجھے ہمیشہ بہتر کام کرنے کی ترغیب دی۔ میں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ مجھے ایک دن ایسا دن دیکھنا ہوگا جب میں آپ کی آواز کو کبھی سن نہیں پاؤں گی۔ آپ کے بارے میں لوگ جتنا سوچتے ہیں آپ اس سے کہیں زیادہ تھے۔ آپ خود کے بارے میں جتنا سوچتے تھے آپ اس سے کہیں زیادہ تھے۔ آپ نے مجھ سے ایک بار کہا تھا کہ حقیقت میں ہم کبھی نہیں مرتے اور میں آپ کی بات پر یقین کرنا چاہتی ہوں لیکن یہ دن بدن میرے لئے مشکل تر ہوتا جا رہا ہے۔‘‘


کاتیانی نے مزید لکھا، ’’کاش میں متوازی کائنات کا سفر کر سکتی جہاں دنیا ایک بہتر جگہ ہے۔ اور ہم ستاروں کو نہارتے ہوئے ایک ساتھ مسکراتے۔ میں آپ کے لطیفوں پر ہنستی۔ میں نے ہمیشہ سوچا تھا کہ جب میں بڑی ہو جاؤں گی تو میں آپ کو پہاڑیوں کے بیچ اپنے گھر لے جاؤں گی اور آپ کی آنکھوں کے فخر کو محسوس کروں گی اور آپ مجھے ایک پر سکون مسکراہٹ کے ساتھ دیکھیں گے۔ آپ کا خون میری رگوں میں دوڑتا ہے اور میں اس کا بھر پور استعمال کروں گی۔ گلشن ماما میں آپ کو ہمیشہ پیار کرتی رہوں گی۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔