نہ ریا کو ملی راحت نہ بھائی شووِک کو، عدالتی تحویل میں 6 اکتوبر تک توسیع
ریا چکرورتی کے وکیل ستیش مانشندے کے مطابق ریا اور شووِک نے ممبئی ہائی کورٹ میں ضمانت کی درخواست داخل کی ہے جس پر 23 ستمبر کو جسٹس ایس وی کوتوال کے روبرو سماعت ہوگی۔
بالی ووڈ اداکار سوشانت سنگھ کی موت معاملہ میں ایک طرف بالی ووڈ اور ڈرگس کنکشن کو لے کر جانچ کا دائرہ لگاتار بڑھتا جا رہا ہے اور دوسری طرف سوشانت کی گرل فرینڈ ریا چکرورتی پر بھی سی بی آئی کا شکنجہ کم ہوتا ہوا نظر نہیں آ رہا ہے۔ ممبئی میں این ڈی پی ایس کی ایک خصوصی عدالت نے، اداکارہ ریا چکرورتی کی عدالتی تحویل میں 6 اکتوبر تک توسیع کر دی ہے۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ ریا کے بھائی شووِک چکرورتی کی عدالتی تحویل میں بھی 6 اکتوبر تک توسیع ہوئی ہے۔
واضح رہے کہ ریا چکرورتی کو گزشتہ 9 ستمبر کو این سی بی نے طویل پوچھ تاچھ کے بعد گرفتار کیا تھا۔ ڈرگس معاملہ میں ریا اور اس کے بھائی شووِک سمیت تقریباً 20 لوگوں کی گرفتاری ہوئی تھی۔ اسی کیس کی جانچ کے دوران دیپکا پادوکون اور سارہ علی خان سمیت کئی مشہور اداکاراؤں کا نام سامنے آیا ہے اور آنے والے دنوں میں این سی بی ان سبھی کو پوچھ تاچھ کے لیے طلب کر سکتی ہے۔
9 ستمبر کو گرفتاری کے بعد این سی بی نے ریا چکرورتی کو این ڈی پی ایس عدالت میں پیش کیا تھا جہاں انھیں 14 دلوں کی عدالتی حراست میں بھیج دیا گیا تھا۔ یہ مدت آج ختم ہو رہی تھی، لیکن عدالت نے انھیں مزید 14 دن کے لیے عدالتی حراست میں رکھنے کا حکم سنایا ہے۔ دریں اثناء ، ریا کے وکیل ستیش مانشندے نے کہا کہ ریا چکرورتی اور شووِک نے ممبئی ہائی کورٹ میں ضمانت کی درخواست داخل کی ہے جس پر 23 ستمبر کو جسٹس ایس وی کوتوال کے روبرو سماعت ہوگی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔