فلم ’اوتار: دی وے آف واٹر‘ نے باکس آفس پر لہرایا کامیابی کا پرچم، محض 10 دنوں میں 855 ملین ڈالر کی کمائی

فلم ’اوتار: دی وے آف واٹر‘ 2022 کی پانچویں سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم بن گئی ہے، ’ورائٹی‘ کی رپورٹ کے مطابق اس فلم نے محض 10 دنوں میں ہی 855 ملین ڈالر کی کمائی کر لی ہے۔

فلم اوتار، تصویر آئی اے این ایس
فلم اوتار، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

جیمس کیمرون کی ہدایت کاری والی فلم ’اوتار: دی وے آف واٹر‘ 2022 کی پانچویں سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم بن گئی ہے، ’ورائٹی‘ کی رپورٹ کے مطابق اس فلم نے محض 10 دنوں میں ہی 855 ملین ڈالر کی کمائی کر لی ہے۔ فلم ’اوتار‘ کے سیکوئل، جسے ’اوتار-2‘ بھی کہا جا رہا ہے، اس نے امریکی گھریلو باکس آفس پر 253.7 ملین ڈالر اور بین الاقوامی سطح پر 600 ملین ڈالر کی کمائی کی ہے اور تیزی کے ساتھ اس میں اضافہ ہوتا ہوا دکھائی دے رہا ہے۔

شمالی امریکہ میں شدید سردیوں کے موسم اور دنیا بھر میں کووڈ-19، ریسپریٹری سنکیٹیل وائرس اور فلو کے بڑھتے معاملوں کے باوجود فلم کی کمائی میں اضافہ کی سبھی کو امید ہے۔ اس فلم کو لے کر ریلیز سے پہلے ہی بڑی امیدیں تھیں جس پر یہ پوری طرح کھری دکھائی دے رہی ہے اور آنے والے دنوں میں کئی ریکارڈ منہدم کرتی بھی محسوس ہو رہی ہے۔ ایک طرف جہاں دنیا بھر میں کورونا وبا نے باکس آفس کو بری طرح متاثر کیا ہے، ایسے موقع پر فلم ’اوتار: دی وے آف واٹر‘ فلم انڈسٹری کے لیے ایک بڑی راحت معلوم پڑ رہی ہے۔


جہاں تک ہندوستان کا سوال ہے، دو ہفتے میں ’اوتار-2‘ نے تقریباً 250 کروڑ روپے کی کمائی کر لی ہے۔ رپورٹس کے مطابق اتوار کو اس فلم نے 26-25 کروڑ روپے کا کلیکشن کیا، جبکہ جمعہ کے روز 13 کروڑ روپے اور ہفتہ کے روز 21 کروڑ روپے کا کلیکشن ہوا تھا۔ یعنی جمعہ کے مقابلے اتوار کے روز کلیکشن میں تقریباً دوگنا اضافہ درج کیا گیا ہے۔ ہندوستان میں ریلیز کے پہلے دن ہی 40 کروڑ روپے سے شاندار آغاز کرنے والی ’اوتار-2‘ نے پہلے ویکینڈ میں باکس آفس پر 125 کروڑ سے زیادہ کلیکشن کیا تھا۔ پہلے ہفتے میں اس کی کمائی 190 کروڑ روپے کے پار پہنچ گئی تھی، اور اب جبکہ دوسرے ویکینڈ میں کلیکشن 60 کروڑ روپے کے پار پہنچتا نظر آ رہا ہے تو یہ کمائی 250 کروڑ روپے کو پار کر گئی ہے۔ ہندوستان میں ہالی ووڈ فلم کی یہ کمائی حیران کرنے والی ہے اور آنے والے دنوں میں یہ کمائی کم ہوتی ہوئی بھی دکھائی نہیں دے رہی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔