مہابھارت میں ’بھیم‘ کا کردار ادا کرنے والے اداکار پروین سنگھ سوبتی کا انتقال

میڈیا رپوٹ کے مطابق 74 سالہ اداکار کی بیٹی نے ان کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے والد کو دل کا دورہ پڑا تھا جو ان کے لیے جان لیوا ثابت ہوا۔

تصویر ٹوئٹر
تصویر ٹوئٹر
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: بی آر چوپڑہ کے مشہور سیریل مہابھارت میں بھیم کا کردار ادا کرنے والے اداکار پروین کمار سبوتی کا انتقال ہو گیا ہے۔ میڈیا رپوٹ کے مطابق 74 سالہ اداکار کی بیٹی نے ان کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے والد کو دل کا دورہ پڑا تھا جو ان کے لیے جان لیوا ثابت ہوا اور انہوں نے دہلی میں اپنے گھر میں زندگی کی آخری سانسیں لیں۔ ان کی آخری رسومات پنجابی باغ میں واقع شمشان گھاٹ میں ادا کی جائیں گی۔

بھیم کے کردار کے علاوہ اداکار پروین کمار نے کئی فلموں میں بھی کام کیا تھا جن میں امیتابھ بچن کی فلم ’شہنشاہ‘ اور دھرمیندر کی ’لوہا‘ و دیگر فلمیں شامل ہیں، تاہم مہابھارت سیریل میں بھیم کا کردار ادا کر کے وہ شہرت کی بلندیوں تک پہنچ گئے۔ پروین اپنے لمبے قد کے لیے بھی جانے جاتے تھے۔ بنیادی طور پر پنجاب سے تعلق رکھنے والے پروین کا قد 6 فٹ تھا۔


اداکاری میں آنے سے پہلے پروین کھیلوں میں بھی کافی سرگرم تھے۔ وہ ہیمر اور ڈسکس تھرو کے کھلاڑی تھے۔ پروین نے ایشیائی اور کامن ویلتھ گیمز میں کئی تمغے حاصل کئے تھے۔ انہوں نے ہانگ کانگ میں منعقدہ ایشین گیمز میں گولڈ میڈل جیتا تھا اور دو مرتبہ اولمپکس میں بھی ملک کی نمائندگی کی تھی۔

مہابھارت کے بعد انہوں نے تقریباً 50 فلمیں اور ٹی وی شوز کئے۔ ان کی آخری فلم 2013 میں آئی تھی جس کا نام ’باربریک‘ تھا۔ تاہم بعد میں انہوں نے اداکاری بھی چھوڑ دی اور وزیر پور میں عام آدمی پارٹی (اے اے پی) میں شامل ہو کر سیاست میں آگئے۔ بعد میں پروین کمار عآپ کو چھوڑ کر بی جے پی کا حصہ بن گئے۔ مہابھارت کے بھیم کے آخری دن مشکل میں گزرے اور وہ کافی دنوں سے مالی بحران کا شکار تھے۔ انہوں نے حکومت سے بھی مدد کی گہار لگائی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔