امریکہ کے عراق میں بھی ایرانی حمایت یافتہ ملیشیا پر حملے

امریکی حکام نے بتایا کہ امریکی میزائلوں نے شام کی سرحد کے قریب مغربی عراق میں واقع دو اڈوں کو نشانہ بنایا۔

امریکہ کے عراق میں بھی ایرانی حمایت یافتہ ملیشیا پر حملے
امریکہ کے عراق میں بھی ایرانی حمایت یافتہ ملیشیا پر حملے
user

Dw

امریکہ کا کہنا ہے کہ اس کی افواج نے عراق میں ایرانی حمایت یافتہ ملیشیا کے زیر استعمال تین تنصیبات کو نشانہ بنایا ہے۔ واشنگٹن کا کہنا ہے کہ یہ حملے عراق اور شام میں امریکی فوجیوں کے خلاف ہونے والے حملوں کا جواب ہیں۔امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن کا کہنا ہے کہ امریکی فوجیوں پر ڈرون اور میزائل سے ہونے والے حملوں کے جواب میں واشنگٹن نے منگل کے روز عراق میں ایرانی حمایت یافتہ عسکریت پسندوں سے منسلک تین تنصیبات کو نشانہ بنایا۔

چند روز قبل ہی امریکی افواج نے اپنے ایک حملے میں عراق میں موجود ایران نواز ملیشیا گروپ کے ایک رہنما کو ہلاک کر دیا تھا، جس کے بعد یہ تازہ کارروائی کی گئی ہے۔ اس پہلے والے حملے کی وجہ سے بغداد میں زبردست غم و غصہ پھیل گیا تھا، جس کی وجہ سے ایک بار پھر سے عراق سے امریکی فوجی اہلکاروں کو ہٹانے کے لیے مطالبات شروع ہو گئے۔ لائیڈ آسٹن نے ایک بیان میں کہا، ''صدر جو بائیڈن کی ہدایت پر، امریکی فوجی دستوں نے عراق میں ایرانی حمایت یافتہ کتائب حزب اللہ ملیشیا گروپ اور ایران سے وابستہ دیگر گروپوں کے زیر استعمال تین تنصیبات پر اہم اور متناسب حملے کیے گئے۔''


ان کا مزید کہنا تھا، ''یہ تیر بہ ہدف اور درست حملے عراق اور شام میں امریکی اور اتحادی افواج کے خلاف ایرانی حمایت یافتہ ملیشیاؤں کے حملوں کا براہ راست جواب ہیں۔'' امریکی حکام نے بتایا کہ امریکی میزائلوں نے شام کی سرحد کے قریب مغربی عراق میں واقع دو اڈوں کو نشانہ بنایا۔ خبر رساں ایجنسی روئٹرز نے امریکی ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ ان حملوں میں دو عسکریت پسند ہلاک اور چار دیگر زخمی ہوئے۔

امریکی سینٹرل کمانڈ، جو کہ مشرق وسطیٰ میں کارروائیاں کرنے کی ذمہ دار ہے، کا کہنا ہے کہ حملوں میں کتائب حزب اللہ کے ''ہیڈ کوارٹر، اسٹوریج اور راکٹ و میزائل کے لیے تربیتی مقامات'' اور ڈرون کی صلاحیتوں کو نشانہ بنایا گیا۔ ادھر کتائب حزب اللہ کے فوجی ترجمان جعفر الحسینی نے سوشل میڈیا ایکس پر اپنی ایک پوسٹ میں کہا کہ یہ گروپ مشرقی وسطی میں ہونے والی فوجی کارروائیوں کے خاتمے تک ''دشمنوں کے ٹھکانوں '' کو نشانہ بناتا رہے گا۔ اس نے اسرائیل کے لیے امریکی حمایت کو ختم کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔


عراق اور شام میں امریکہ کے فوجی اڈے ہیں، جو گزشتہ اکتوبر سے اب تک 150 سے زیادہ بار نشانہ بن چکے ہیں۔ جواباً امریکہ نے بھی ان کے ٹھکانوں پر متعدد حملے کیے ہیں۔ اس ماہ کے اوائل میں امریکی حملے میں بغداد میں ایک ایران نواز کمانڈر مارا گیا تھا، جس سے صورتحال مزید خراب ہو گئی تھی اور عراق نے امریکہ سے فوجیوں کے انخلا کا مطالبہ کیا تھا۔

تاہم امریکہ کا کہنا ہے کہ اسے امریکی فوج کو عراق سے باہر نکالنے کے کسی منصوبے کے بارے میں باضابطہ طور پر مطلع نہیں کیا گیا ہے۔ عراق اور شام میں جوابی حملوں کے ساتھ ہی امریکہ نے، بحیرہ احمر اور خلیج عدن سے گزرنے والے تجارتی جہازوں کے خلاف حوثی عسکریت پسندوں کے حملوں کے جواب میں، یمن میں بھی متعدد حملے کیے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔