بعد از جنگ غزہ کا نیتن یاہو کا منصوبہ، حماس کی جانب سے رد

جنگ کے بعد بھی اسرائیلی فوج کو غزہ بھر میں کام کرنے کی ''غیر معینہ مدت تک آزادی‘‘ ہوگی تاکہ دہشت گردی کی سرگرمیوں کے دوبارہ سر اٹھانے کے امکان کو روکا جا سکے۔

بعد از جنگ غزہ کا نیتن یاہو کا منصوبہ، حماس کی جانب سے رد
بعد از جنگ غزہ کا نیتن یاہو کا منصوبہ، حماس کی جانب سے رد
user

Dw

اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو نے جنگ کے بعد غزہ کے لیے ایک ایسا منصوبہ تجویز کیا ہے، جس میں ایسے مقامی فلسطینی حکام کا تصور پیش کیا گیا ہے، جن کے حماس یا اس کے غیر ملکی حامیوں سے کسی قسم کے روابط نہ ہوں۔ اسرائیلی وزیر اعظم کی طرف سے تجویز کردہ غزہ جنگ کے بعد کے اس منصوبے کو فلسطینی اتھارٹی نے فوری طور پر مسترد کر دیا۔

نیتن یاہو کی جانب سے یہ مجوزہ منصوبہ جمعرات کو رات گئے اسرائیلی جنگی کابینہ کے اجلاس میں پیش کیا گیا۔ اس منصوبے کے مطابق،''جنگ ختم ہونے کے بعد غزہ کے شہری معاملات انتظامی تجربہ رکھنے والے ایسے مقامی اہلکار چلائیں گے، جو دہشت گردی کی حمایت کرنے والے ممالک یا اداروں سے منسلک نہیں ہیں۔‘‘


اس منصوبے کے مطابق اسرائیلی فوج حماس کے خلاف اپنی جنگ اُس وقت تک جاری رکھے گی، جب تک کہ وہ کلیدی اہداف حاصل نہیں کر لیتی۔ ان اہداف میں حماس اور اسلامی جہاد کو ختم کرنا اور غزہ میں ابھی تک قید تمام یرغمالیوں کی رہائی کو یقینی بنانا شامل ہیں۔ دریں اثناء خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے زرائع نے اس تجویز کا مسودہ دیکھنے کی تصدیق کی ہے۔

جنگ کے خاتمے کے بعد کے غزہ کے منظر نامے کا جو تصور پیش کیا گیا ہے، اُس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ جنگ کے بعد بھی اسرائیلی فوج کو غزہ بھر میں کام کرنے کی ''غیر معینہ مدت تک آزادی‘‘ ہوگی تاکہ دہشت گردی کی سرگرمیوں کے دوبارہ سر اٹھانے کے امکان کو روکا جا سکے۔ "اسرائیل اس پٹی کی سرحد کے فلسطینی حصے پر ایک سکیورٹی بفر زون قائم کرنے کے لیے پہلے سے شروع ہونے والے اپنے منصوبے کے ساتھ آگے بڑھے گا اور جب تک سکیورٹی کی ضرورت ہے یہ زون برقرار رہے گا۔ ‘‘


اس میں زمین، سمندر اور ہوا سے اردن کے مغرب کے پورے علاقے پر اسرائیلی سکیورٹی کنٹرول کا بھی تصور پیش کیا گیا ہے تاکہ (مقبوضہ مغربی کنارے) اور غزہ کی پٹی میں دہشت گرد عناصر کے اثر کو کم کیا جا سکے اور ان کی طرف سے اسرائیل کو لاحق خطرات کو ناکام بنایا جا سکے۔

اس منصوبے میں غزہ کو''مکمل طور پر غیر مسلح کرنے کا تصور بھی پیش کیا گیا ہے۔ اس کا مقصد "غزہ میں تمام مذہبی، تعلیمی اور فلاحی اداروں سے بنیاد پرستی کو ختم کرنا" ہے۔ اس منصوبے کا ایک اہم جُزو فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے اقوام متحدہ کی ایجنسی UNRWA کو ختم کرنا ہے۔


لبنان میں تازہ ترین اسرائیلی حملے

لبنان میں ایرانی حمایت یافتہ عسکری گروہ حزب اللہ اور ایک سکیورٹی زرائع کے مطابق حزب اللہ سے وابستہ دو پیرامیڈیکس اور اس گروپ کا ایک جنگجو جنوبی لبنان کے سرحدی گاؤں پر اسرائیلی حملے میں مارا گیا ہے۔ اسرائیلی فوج نے جمعرات کو دیر گئے کہا کہ اس نے جنوبی لبنان کے بلیدہ گاؤں میں حزب اللہ کے ایک ''فوجی کمپاؤنڈ‘‘ کو نشانہ بنایا ہے۔

حزب اللہ سے وابستہ اسلامی صحت کمیٹی نے کہا کہ بلیدہ میں سول ڈیفنس سنٹر پر اسرائیلی حملے میں اس کے دو پیرامیڈیکس مارے گئے، جب کہ حزب اللہ نے اپنے ایک جنگجو کی ہلاکت کا اعلان بھی کیا۔ اسلامک ہیلتھ کمیٹی نے کہا کہ اس حملے کے نتیجے میں ''صحت کے مرکز کے ساتھ ساتھ متعدد ایمبولینس بھی تباہ ہو گئیں۔‘‘


اُدھر لبنانی سکیورٹی ذرائع نے نام ظاہر نہ کرنے کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ جمعرات کو بلیدہ میں ہونے والے ایک حملے میں ''اسلامک ہیلتھ کمیٹی سینٹر کو نشانہ بنایا گیا جس میں مزید تین افراد مارے گئے۔‘‘ اسرائیل کی شمالی سرحد پر تشدد کے بڑھتے ہوئے واقعات نے اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان 2006 کی طرح ایک اور بھرپور جنگ کے خدشات کو جنم دیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔