کیا آپ ٹی-20 عالمی کپ میں ہندوستان اور پاکستان کا مزید ایک مقابلہ دیکھنا پسند کریں گے؟ آثار کچھ ایسے ہی ہیں

پاکستان کے مشہور و معروف سابق تیز گیندباز شعیب اختر نے ٹی-20 عالمی کپ 2022 میں ہندوستان اور پاکستان کے ایک بار پھر مدمقابل ہونے کی پیشین گوئی کی ہے۔

روہت شرما و بابر اعظم، تصویر آئی اے این ایس
روہت شرما و بابر اعظم، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

ٹی-20 عالمی کپ 2022 کا سپر-12 مقابلہ بھلے ہی 22 اکتوبر سے شروع ہوا، لیکن اصل مزہ تو 23 اکتوبر کو دیکھنے کو ملا جب ہندوستان اور پاکستان آمنے سامنے ہوئے۔ فل پیسہ وصول میچ میں آخری گیند تک اتار چڑھاؤ دیکھنے کو ملا، اور آخر میں ہندوستانی ٹیم 4 وکٹ سے میچ جیت گئی۔ یہ مقابلہ تو ختم ہوا اور ہندوستان نے پاکستان سے گزشتہ شکست کا بدلہ بھی لے لیا، لیکن کیا آپ ٹی-20 عالمی کپ 2022 میں ایک بار پھر ہندوستان اور پاکستان کے درمیان میچ دیکھنا چاہتے ہیں؟ یقیناً آپ کا جواب ’ہاں‘ ہوگا، اور آپ سوچ رہے ہوں گے کہ کیا ایسا ممکن ہے! جی ہاں، آثار کچھ ایسے ہی نظر آ رہے ہیں۔ پاکستان کے ایک سابق کرکٹر نے تو دعویٰ بھی کیا ہے کہ اس سیریز میں ایک بار پھر ہندوستان اور پاکستان کا مقابلہ دیکھنے کو ملے گا۔

پاکستان کے مشہور و معروف سابق تیز گیندباز شعیب اختر نے ہندوستان اور پاکستان کے درمیان جاری سیریز میں ایک بار پھر مدمقابل ہونے کی پیشین گوئی کی ہے۔ انھوں نے اپنے یوٹیوب چینل پر دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہندوستان نے ایک میچ جیت لیا ہے، پاکستان ایک ہار گیا ہے۔ اس ٹورنامنٹ میں ہندوستان اور پاکستان کا مقابلہ ایک بار پھر سے ہوگا۔‘‘ ساتھ ہی شعیب اختر نے کہا ہے کہ جب ہندوستان اور پاکستان کھیلتے ہیں تبھی عالمی کپ کا آغاز ہوتا ہے۔ یہ (23 اکتوبر کا میچ) تاریخ کے سب سے خاص میچوں میں سے ایک تھا۔


اب آئیے دیکھتے ہیں کہ ٹی-20 عالمی کپ 2022 میں ہندوستان اور پاکستان کے درمیان میچ کے حالات کس طرح بن رہے ہیں۔ دراصل ہندوستان اور پاکستان والے گروپ (گروپ 2) میں بنگلہ دیش، نیدرلینڈ، جنوبی افریقہ اور زمبابوے کی ٹیمیں ہیں۔ یعنی اگر مضبوط ٹیم کی بات کی جائے تو صرف جنوبی افریقہ کی ٹیم ہے جو ہندوستان یا پاکستان کو باہر کا راستہ دکھانے کی قوت رکھتی ہے۔ ویسے بنگلہ دیش اور زمبابوے کی ٹیم بھی الٹ پھیر کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ یعنی ہندوستان اور پاکستان آنے والے میچوں میں بہتر کارکردگی پیش کرتے ہیں تو اس گروپ سے ہندوستان اور پاکستان کے آگے بڑھنے کے قوی امکانات ہیں۔

چونکہ گروپ-1 اور گروپ-2 سے دو دو ٹیمیں سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کریں گی، اس لیے اگر ہندوستان اور پاکستان کی ٹیمیں کوالیفائی کرتی ہیں تو فائنل میں یہ دونوں ٹیمیں مد مقابل ہو سکتی ہیں۔ اگر ایسا ممکن ہوا تو پھر اس بار ٹی-20 عالمی کپ کا فائنل میچ کسی ’دھماکہ‘ سے کم نہیں ہوگا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔