عمران خان نے پاکستان الیکشن کمیشن کے فیصلے کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں کیا تھا چیلنج، عرضی خارج

پاکستان الیکشن کمیشن نے توشہ خانہ معاملے میں عمران خان کو آئندہ پانچ سالوں تک انتخاب لڑنے کے لیے نااہل قرار دے دیا ہے، اس کے خلاف عمران خان نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں عرضی داخل کی تھی۔

عمران خان، تصویر آئی اے این ایس
عمران خان، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

پاکستان کے سابق وزیر اعظم عمران خان کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے بھی راحت دینے سے انکار کر دیا ہے۔ عدالت نے عمران خان کی اس عرضی کو خارج کر دیا ہے جس میں الیکشن کمیشن کے فیصلے کو فوراً منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ عدالت کا یہ فیصلہ عمران خان کے لیے زوردار جھٹکا تصور کیا جا رہا ہے۔ عرضی خارج کیے جانے کے بعد عمران خان کی پارٹی ’پی ٹی آئی‘ (پاکستان تحریک انصاف) اور اس کے حامیوں میں مایوسی کی لہر دوڑ گئی ہے۔

دراصل پاکستان الیکشن کمیشن نے توشہ خانہ معاملے میں عمران خان کو آئندہ پانچ سالوں تک انتخاب لڑنے کے لیے نااہل قرار دے دیا ہے۔ اس کے خلاف عمران خان نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں عرضی داخل کی تھی اور مطالبہ کیا تھا کہ نااہلی کے اس فیصلے کو فوراً منسوخ کر دیا جائے۔ حالانکہ عدالت نے اس عرضی کو خارج کرنے کے ساتھ ہی یہ وضاحت بھی کی ہے کہ وہ اس ماہ ہونے والے این اے-45 ضمنی انتخاب میں لڑنے کے لیے کسی بھی مسئلہ کا سامنا نہیں کریں گے۔


قابل ذکر ہے کہ پاکستان الیکشن کمیشن (ای سی پی) نے گزشتہ جمعہ کو عمران خان پر قیمتی تحائف کی فروخت سے آمدنی چھپانے کا قصوروار پائے جانے کے بعد پانچ سال کے لیے انتخاب لڑنے پر پابندی لگای دی تھی۔ اس سلسلے میں عمران نے اپنے وکیل بیرسٹر علی ظفر کے ذریعہ سے اسلام آباد ہائی کورٹ میں اپیل دائر کی تھی۔ عدالت نے اپیل کو منظور کرتے ہوئے 24 اکتوبر کو سماعت کی لیکن الیکشن کمیشن کے فیصلے کو منسوخ کرنے سے انکار کر دیا۔ الزام ہے کہ عمران خان نے توشہ خانہ کی تحفے میں دی گئی تین گھڑیاں ایک مقامی گھڑی ڈیلر کو 15.4 کروڑ روپے سے زیادہ میں فروخت کی ہیں۔

واضح رہے کہ عمران خان نے مبینہ طور پر غیر ملکی مہمانان سے ملے تحائف اور مہنگی گھڑیوں کو لاکھوں روپے میں فروخت کر دیا ہے۔ یہ تحائف توشہ خانہ میں جمع کرائے جانے چاہیے تھے، لیکن عمران خان نے ایسا نہیں کیا۔ فروخت کردہ تحائف سے حاصل رقوم کو بھی توشہ خانہ میں جمع نہیں کیا گیا۔ ان مہنگے تحائف میں ہیرے کے زیورات اور کنگن بھی شامل ہیں۔ عمران خان پر یہ بھی الزام ہے کہ انھوں نے کئی تحائف کی تو جانکاری بھی نہیں دی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔