ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ فائنل: دوسرے دن ہندوستان کی بہترین گیندبازی، آسٹریلیائی ٹیم 469 پر سمٹی، محمد سراج نے لیے 4 وکٹ

ہندوستان کی طرف سے سب سے کامیاب گیندباز محمد سراج رہے جنھوں نے 28.3 اوور میں 108 رن دے کر 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، محمد سمیع اور شاردل ٹھاکر کو 2-2 وکٹ ملے۔

<div class="paragraphs"><p>محمد سراج، تصویر آئی اے این ایس</p></div>

محمد سراج، تصویر آئی اے این ایس

user

قومی آواز بیورو

ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ فائنل کے پہلے دن جہاں آسٹریلیا نے اپنی شاندار بلے بازی سے ہندوستان پر زبردست دباؤ بنا دیا تھا، وہیں دوسرے دن کے شروع سے ہی ہندوستانی گیندبازوں نے اپنی شاندار لائن اور لینتھ سے ہوا کا رخ موڑ دیا۔ پہلے دن کے اختتام پر آسٹریلیا نے 3 وکٹ کے نقصان پر 327 رن بنائے تھے، اور آج آسٹریلیا کی پوری ٹیم 469 رن پر سمٹ گئی۔ یعنی آج ہوئے کھیل میں آسٹریلیا نے 7 وکٹ گنوائے اور محض 142 رن ہی بنائے۔

ہندوستان کی طرف سے آج ایک بار پھر محمد سمیع اور محمد سراج نے شاندار شروعاتی اسپیل کیا۔ پہلے محمد سراج نے 174 گیندوں پر 163 رن بنا چکے اور خطرناک نظر آ رہے ٹریوس ہیڈ کو وکٹ کے پیچھے کے ایس بھرت کے ہاتھوں آؤٹ کرایا، اور پھر کچھ ہی دیر بعد محمد سمیع نے کیمرون گرین کو محض 6 رن کے انفرادی اسکور پر پویلین بھیج دیا۔ کل کے دوسرے ناٹ آؤٹ بلے باز اسٹیو اسمتھ بھی آج کوئی بڑا کمال نہیں دکھا پائے کیونکہ شاردل ٹھاکر نے انھیں بولڈ آؤٹ کر 121 رنوں کے انفرادی اسکور پر پویلین بھیج دیا۔ جلدی جلدی گرے ان 3 وکٹوں کے بعد ہندوستانی گیندبازوں نے آسٹریلیائی ٹیم کو جلد از جلد سمیٹنے کی کوششیں شروع کر دیں۔ ایلیکس کیری نے حالانکہ کچھ اچھے شاٹ لگاتے ہوئے 69 گیندوں پر 48 رن بنا ڈالے، لیکن وہ اس اسکور پر رویندر جڈیجہ کے شکار بن گئے۔ باقی کوئی بھی بلے باز دہائی کے اسکور تک نہیں پہنچ سکا۔ آسٹریلیا کی پوری ٹیم 121.3 اوور میں 469 رن بنا کر آؤٹ ہو گئی۔


ہندوستان کی طرف سے سب سے کامیاب گیندباز محمد سراج رہے جنھوں نے 28.3 اوور میں 108 رن دے کر 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ محمد سمیع اور شاردل ٹھاکر کو 2-2 وکٹ ملے جنھوں نے بالترتیب 29 اوور میں 122 رن اور 23 اوور میں 83 رن خرچ کیے۔ رویندر جڈیجہ کو ایک وکٹ ملا اور انھوں نے 18 اوور میں 56 رن دیئے۔ آج امیش یادو نے بھی اچھی گیندبازی کی لیکن انھیں وکٹ نہیں مل سکا۔ امیش نے 23 اوور میں 77 رن دیئے۔ ایک وکٹ رَن آؤٹ کی شکل میں گرا جس میں اکشر پٹیل کا تعاون شامل تھا۔ وہ محمد سمیع کی جگہ کچھ دیر کے لیے فیلڈنگ کرنے میدان میں اترے تھے اور اپنے ڈائریکٹ تھرو سے مشیل اسٹارک کو پویلین بھیج دیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔