وکٹ کیپر بلے باز رشبھ پنت نے کار حادثہ کے بعد پہلی مرتبہ کھیلا میچ، ویڈیو میں چوکے چھکے لگاتے آئے نظر
سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں رشبھ پنت بلے بازی کرتے ہوئے نظر آ رہے ہیں، ویڈیو کے مطابق پنت نے 15 اگست کو کافی دیر تک کریز پر ٹھہر کر بلے بازی کی۔
ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے جواں سال وکٹ کیپر بلے باز رشبھ پنت کے چاہنے والوں کے لیے ایک بڑی خوشخبری سامنے آئی ہے۔ گزشتہ سال کے آخر میں کار حادثہ میں سنگین طور پر زخمی ہوئے رشبھ بہت تیزی کے ساتھ رو بہ صحت ہو رہے ہیں۔ اس بات کا اندازہ اسی بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ انھوں نے بلے بازی کی پریکٹس بھی شروع کر دی ہے۔
دراصل سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے۔ اس ویڈیو میں رشبھ پنت بلے بازی کرتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔ ویڈیو کے مطابق پنت نے 15 اگست کو کافی دیر تک کریز پر ٹھہر کر بلے بازی کی۔ وہ جیسے ہی بلے بازی کرنے میدان میں اترے، وہاں موجود ان کے شیدائیوں نے شور مچانا شروع کر دیا۔ کار حادثہ کے بعد یہ پہلا موقع تھا جب رشبھ پنت باضابطہ میدان میں اتر کر بلے بازی کر رہے تھے۔
قابل ذکر ہے کہ رشبھ پنت نے کار حادثہ کے بعد کافی وقت تک نیشنل کرکٹ اکیڈمی (این سی اے) میں گزارا۔ اس دوران انھوں نے پہلے خود کو فِٹ کیا اور پھر وکٹ کیپنگ بلے بازی کی پریکٹس شروع کر دی۔ اب وہ پہلی بار کسی طرح کے میچ میں کھیلنے اترے۔ انھوں نے ایک مقامی میچ میں بلے بازی کرتے ہوئے خوب چوکے اور چھکے لگائے۔ حالانکہ ہندوستانی ٹیم میں پَنت کے لیے واپسی بہت آسان نہیں ہے۔ امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ وہ آئندہ سال انگلینڈ کے خلاف گھریلو ٹیسٹ سیریز سے ٹیم کا حصہ ہو سکتے ہیں۔ لیکن اس سے پہلے انھیں اپنی صحت اور فِٹ نس کو لے کر بہت محنت کرنی ہوگی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔